پارہ چنار میں دہشت گردی کے واقعہ کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے

Parachinar Blast

Parachinar Blast

لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام پارہ چنار میں دہشت گردی کے واقعہ کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مرکزی جنرل سیکرٹری انصر مہدی کے مطابق آئی ایس او پاکستان نے پارہ چنار میں معصوم شہریوں کے قتل عام کے خلاف یوم احتجاج منایا ۔لاہور سمیت ملک کے اہم مقامات پر احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔

لاہور پریس کلب کے سامنے مظاہرین نے سانحہ پارہ چنار کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے پورے ملک میں انتہا پسند طاقتوں کے خلاف کاروائی کی جائے طالبان اور انکے حامیان کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے اور نشانہ عبرت بنا دیا جائے۔مرکزی جنرل سیکرٹری انصر مہدی کا کہنا تھا کہ پارا چنار کے عوام کو حب الوطنی کی سزا دی جا رہی ہے تمام ترظلم کے باجود کے خلاف ہمار ی جدوجہد ہمیشہ پر امن رہی ہے ہم غیور پاکستانی ہیں پاکستان و اسلام دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں ناکام رہیں۔ مقررین نے سانحہ میں ملوث افراد کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ جب تک کالعدم تنظیموں پر ہاتھ نہیں ڈالا جاتا تب تک نیشنل ایکشن پلان کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر کا قلع قمع کریں اور شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں۔ احتجاجی مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان کیلئے انتہاپسندوں کے خاتمہ کیساتھ ساتھ انتہا پسند سوچ کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔