اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان چور مچائے شور کی زندہ مثال ہیں، عدالت کے باہر عدالت لگانے والے عدالت عظمیٰ میں ثبوت پیش کیوں نہیں کرتے۔
وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کے قول و فول میں تضاد ہے،وہ نواز شریف فوبیا میں مبتلا ہے، الیکشن کمیشن میں بیرونی فنڈنگ کیس میں استثنیٰ کیوں مانگا۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو کنٹینر پر چڑھ کر جھوٹے الزامات لگانے اور جلسے جلوسوں میں مقدمے لڑنے کی عادت ہے، وہ قوم کو بتائیں کہ ساڑھے 3 سال میں کیا کیا ہے؟، ثابت ہو گیا ہے کے عمران خان کو جھوٹ بولنے کے علاوہ اور کچھ نھیں آتا اور وہ جلد طویل چھٹی پر رخصت ہونے والے ہیں۔
وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ خان صاحب نے کچھ کیا ہوتا تو اشتہارات چلاتے، نواز شریف وزیر اعظم بنتے رہیں گے اور عمران خان نواز شریف کی حکومت کے سال گنتے رہیں یہ نصیب نصیب کی بات ہے۔