فیصل آباد (سٹی رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ (مشرف گروپ) کے ڈویژنل میڈیا کوارڈینیٹر عدنان عبداﷲ نے کہ پاراچنا ر سبزی مارکیٹ میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دھماکے میں قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوس ناک ہے۔
پاراچنار کے اس مقام پر پہلے بھی دہشت گردی کے واقعات رونما ہو چکے ہیں مگر اس کے باوجود سیکیورٹی کے ناقص انتظامات ناصرف معصوم اور بے گناہ قیمتی جانوں کے ضیاع کاباعث بنے بلکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت دھماکے میں شہیداور زخمی ہونے والے افرادکے لواحقین کی ہرممکن مالی وطبی امداد کرے۔
زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔پوری قوم حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں کاخمیازہ دہشت گردی کی صورت میںبھگت رہی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ دھماکے کے اصل ذمہ داران اور ان کے آلہ کاروں کو جلدازجلدگرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے۔بے گناہ افراد کی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی بھی صورت میں رعائیت کے مستحق نہیں ہوسکتے۔انہوں نے مزیدکہاکہ پارا چنار دھماکے میں بیرونی ہاتھ کوخارج ازامکان قرارنہیں دیا جا سکتا۔راء موساداور سی آئی اے ایک سوچی سمجھی سازش اور آپس کے گٹھ جوڑ کے ساتھ پاکستان کے حالات خراب کررہی ہیں۔اس دھماکے کی ہرلحاظ سے تحقیقات کی جانی چاہئیں اور مجرمان کوقوم کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔