نیویارک (جیوڈیسک) کنگ آف پاپ آنجہانی مائیکل جیکسن کی بیٹی پیرس جیکسن نے نیا پینڈورا بکس کھول دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کو قتل کیا گیا تھا۔
عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کی بیٹی پیرس جیکسن نے ان کی موت کے سات برس بعد خاموشی توڑ دی۔ ایک میگزین کو انٹرویو میں انہوں نے دعوی کیا ہے کہ ان کے والد کو قتل کیا گیا۔ پیرس کا کہنا ہے ان کے خاندان کے افراد کو بھی اس قتل کے بارے میں علم تھا۔
پیرس کے مطابق ان کے والد نے کہا تھا کہ ایک دن انہیں قتل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ کسی سازش کی بات کر رہی ہیں لیکن حقیقت یہی ہے۔
مائیکل جیکسن پچیس جون دو ہزار نو کو خواب آور دوا کی زائد مقدار استعمال کرنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ ایک عدالت نے ان کے ڈاکٹر کونریڈ مرے کو غیرارادی قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے چار برس قید کی سزا بھی دی تھی۔