عمرے کیلئے روانگی معین علی کا پی ایس ایل کھیلنے کا ارادہ بدل گیا

Moeen Ali

Moeen Ali

کراچی (جیوڈیسک) عمرے کیلئے روانگی کے سبب انگلش آل راؤنڈر معین علی کا پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کا ارادہ بدل گیا،وہ خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ مکہ جا رہے ہیں اور ان کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹاپ پلیئر اور اچھے انسان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی متبادل کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا مرحلہ مکمل ہونے کے چوبیس گھنٹے کے اندر کارلوس براتھویٹ کی جگہ لینے والے انگلش آل راؤنڈر معین علی کا ارادہ تبدیل ہو گیا جو اپنی فیملی کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کیلئے جا رہے ہیں۔

معین علی نے اپنے ایجنٹ کی وساطت سے حتمی تاریخوں کی بابت معلومات حاصل کیں کہ ان کی خدمات کب درکار ہوں گی البتہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی منصوبہ بندی میں فوری تبدیلی کرتے ہوئے آسٹریلین بیٹسمین بریڈ ہوج کو سکواڈ میں شامل کر لیا جو پہلے ایڈیشن میں پشاور زلمی کی جانب سے میدان میں اترے تھے۔

فرنچائز ترجمان نے ٹوئٹر پر معین علی کو نیک خواہشات کے اظہار کے ساتھ پیغام دیا کہ وہ ایک ٹاپ پلیئر اور اچھے انسان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں جن کیلئے فیملی کی ذمہ داری اولین ترجیح ہونا چاہئے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ معین علی کو ٹی ٹوئنٹی لیگز کے حوالے سے ’’یوٹرن‘‘ لینا پڑا کیونکہ گزشتہ برس انہوں نے خود کو آئی پی ایل آکشن کیلئے پیش کیا لیکن جب انگلش کرکٹ حکام نے ان پر کام کے حد سے زیادہ بوجھ کی نشاندہی کی تو چند گھنٹے بعد ہی انہوں نے اپنی عدم دستیابی ظاہر کر دی تھی۔

انگلش کرکٹ ٹیم کی جانب سے خدمات کی انجام دہی کیلئے بھارت میں موجود اہم ترین کھلاڑی معین علی دو ہزار نو میں بھی عمرہ کر چکے ہیں جسے انہوں نے انتہائی عمدہ تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خود کو عمرے کے بعد تازہ محسوس کر رہے تھے جو انسان کو مضبوط اور کرکٹ سے کچھ عرصے تک دور کر دیتا ہے۔