کراچی (جیوڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائن کے تمام اے ٹی آر طیارے گرائونڈ کردیے گئے، نصف درجن پروازیں منسوخ ہو گئیں۔
ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بار پھر انجن کی ناقص دیکھ بھال کا نوٹس لیتے ہوئے پی آئی اے کے تمام اے ٹی آر طیاروں کو گرائونڈ کردیا جس کے باعث پروازوں کا شیڈول درہم برہم اور نصف درجن کے لگ بھگ پروازوں کو منسوخ کردیا گیا۔ مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایئر وردی نیس ڈائریکٹر کی جانب سے اے ٹی آر طیاروں کے انجن کی جانچ 100 گھنٹے کے بجائے 500 گھنٹے کی پرواز کے بعد کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے اے ٹی آر طیاروں کو گرائونڈ کرتے ہوئے اڑان پر پابندی لگا دی۔
ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام طیارے گرائونڈ کر کے انجن کی جانچ کے بغیر پرواز کی اجازت نہ دینے کے احکامات جاری کر دیے۔