اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قطری شہزادے کا جعلی خط دکھانے پر نواز شریف کو جیل بھجوا دینا چاہیے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ کل جو کچھ قومی اسمبلی میں ہوا وہ مسلم لیگ ن کی تاریخ ہے ، یہ وہ لوگ ہیں جنہیں جمہوریت کی تمیز نہیں ، درحقیقت یہ فاشسٹ ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ دنیا کے ہر جمہوری ملک میں وزیر اعظم قوم کو جوابدہ ہوتا ہے ، انگلینڈ میں بھی ٹونی بلیئر اور مارگریٹ تھیچر پر الزامات عائد ہوئے تو ان کی پارٹیوں نے انہیں نکال دیا ، اسی طرح ن لیگ کو بھی نواز شریف سے خود جواب طلب کرنا چاہیئے۔
عمران خان نے کہا کہ ن لیگ نے غیر جمہوری رویوں کے خلاف احتجاج کرنے پر ہمارے کارکنوں پر شیلنگ کی ، اس کے علاوہ ماڈل ٹائون میں بھی ان لوگوں نے بے گناہ لوگوں کو گولیاں ماریں ، ہمارے قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن میں احتجاج کرنے کا صرف ایک مقصد تھا کہ ہمیں انصاف دیا جائے ، کیونکہ نواز شریف مسلسل غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں انہوں نے کہا کہ کسی قطری نے خط نہیں لکھا جبکہ سپریم کورٹ میں ان کا بیان تھا کہ قطری شہزادے کا خط موجود ہے ، دراصل جس قطری شہزادے کے خط کا ذکر کیا جا رہا ہے اس کا نام بھی پاناما میں شامل ہے۔
عمران خان نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ن لیگ کے غنڈوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی ، یہ وہ لوگ کر رہے ہیں جن کے ضمیر بک چکے ہیں اور جن لوگوں کے ضمیر کا سودا نہیں ہوا وہ ابھی سامنے نہیں آ رہے۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ قوم اسمبلی میں جو کچھ ہوا اس کے بعد اب کون ایسی اسمبلی میں جانا چاہے گا بہتر یہی ہوگا کہ ایسی اسمبلی کو بند کر کے نئے الیکشن کروائے جائیں۔