پشاور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اصل سرمایہ کاری سڑکوں پر نہیں بلکہ انسانوں پر ہوتی ہے۔ وزیر اعلی پرویز خٹک پاکستان کے نمبر ون وزیر اعلی ہیں، شہباز شریف کا ان سے کوئی مقابلہ نہیں۔
پشاور کے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں انڈر 23 گیمز کے لوگو اور ٹرافی کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پرویز خٹک نے کھیلوں کو بہت زیادہ اہمیت دی ہے۔
نیوزی لینڈ کی پچاس لاکھ آبادی کیلئے پاکستان سے زیادہ گراؤنڈ ہیں۔ خیبرپختونخوا میں تحصیلوں کی سطح پر گراؤنڈ بنا رہے ہیں۔ قبائلی علاقوں میں بہت ٹیلنٹ پایا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی شہبازشریف کا وزیر اعلی خیبرپختونخوا سے کوئی مقابلہ نہیں۔ پرویز خٹک پاکستان کے سب سے بہترین وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے کھیلوں کو سب سے زیادہ اہمیت دی ہے۔ صوبے کے ہسپتالوں کو ٹھیک کر رہے ہیں۔ سب سے بہترین نظام تعلیم بھی خیبرپختونخوا میں ہے، یہاں کی پولیس پاکستان کی سب سے بہترین پولیس ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہرہیں۔ ساٹھ فیصد پاکستانی بیس سال سے کم عمرکے ہیں۔ نوجوانوں کو موقع دیا گیا تو یہ نیا پاکستان بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری سڑکوں پر نہیں بلکہ انسانوں پر کی جاتی ہے۔ یہاں تمام سرمایہ صرف سڑکوں پر لگایا جا رہا ہے۔ تقریب میں عمران خان نے انڈر 23گیمز کے لوگو اور ٹرافی کا افتتاح بھی کیا۔