گجرات (جی پی آئی) ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع میں ایمبولینسوں کی ریسکیو 1122 کیساتھ ر ابتک 26 ایمبولینسوں کی رجسٹریشن کر دی گئی ہے، دیگر سرکاری ادارے، این جی اوز، ویلفیئر فائونڈیشن اور افراد بھی اپنی ایمبولینس 31 جنوری تک رجسٹرڈ کرالیں ایسا نہ کرانیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے رجسٹریشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈی او ایمرجنسی انجینئر عبدالرشید نے اجلاس کو بریفنگ دی جبکہ ڈی او ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ارشد مجید،سیکرٹری آر ٹی اے کامران اکبر، ڈی او سول ڈیفنس محمد اشفاق، ٹریفک پولیس، این جی اوز کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے ایمبولینسوں کی رجسٹریشن کا مقصد ڈیٹا بیس کی تیاری تاکہ ہنگامی حالات میں ضلع میں دستیاب وسائل کو منظم طریقے سے استعمال کیا جاسکے نیز ایمبولینسوں کی مانیٹرنگ اور انکا غلط استعمال بھی روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ 31 جنوری کے بعد روٹس پر چلنے والی ایمبولینسوں کی چیکنگ ڈی او ایمرجنسی انجینئر عبدالرشید کی زیر قیادت سیکرٹری آر ٹی اے، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ٹریفک پولیس، سول ڈیفنس کے افسران و اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں کریں گی اور رجسٹریشن نہ کرانی والی ایمبولینسوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوںنے ڈی او ایمرجنسی کو ہدایت کی کہ ایدھی ویلفیئر ٹرسٹ، الخدمت اور قومی سطح کی این جی اوز کے ہیڈ آفس میں حکومتی پالیسی کے حوالے سے لیٹر بھجوائے جائیں تا کہ اس پراسیس کو جلد سے جلد مکمل کیا جا سکے۔ اس سے قبل ڈی او ایمرجنسی انجینئر عبدالرشید نے بتایا کہ رجسٹریشن کے لئے ایمبولینس کی رجسٹریشن بک، فٹنس سرٹیفکیٹ، ڈرائیو ر کا لائسنس ضروری ہے نیز ریسکیو 1122 ان ایمبولینسوں میں موجود طبی آلات کی تفصیلات بھی تیار کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتک رجسٹرڈ ہونیوالی ایمبولینس محکمہ صحت کی ملکیت ہیں جبکہ پرائیویٹ افراد کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے شہر اور ضلع کے مختلف علاقوں میں بینرز بھی آویزاں کئے گئے ہیں۔