اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ لوگ غائب ہو جاتے ہیں، ہم میں یہ ہمت نہیں کہ پوچھ سکیں قانون کے تحت ان پر مقدمہ کیوں نہیں چلایا جاتا، لوگوں پر اتنا خوف طاری کیا جا رہا کہ وہ اپنے سائے سے خوفزدہ رہیں۔
اسلام آباد میں پروین شاکر کے شعری مجموعہ خوشبوکی 39ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ فیض اورجالب کی شاعری نے آمریت اور ریاستی تسلط کیخلاف تحریک کوجنم دیا، ریاست نے اپنے اقدامات سے ثقافت، کلچر اور لٹریچر کو تباہ کر دیا، ہم پروین شاکر کا متبادل بھی پیدا نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ پروین شاکر کی شاعری کو زندہ رکھنا ضروری ہے، اتنا عرصہ گزرگیا اور پروین شاکر کا متبادل پیدا نہیں کیا جاسکا۔
رضا ربانی نے مزید کہا کہ کتب بینی کا کلچر ریاست نے ختم کیا، ادب نئی سوچ اور برداشت کو جنم دیتا ہے، ہم عدم برداشت اور فرقہ پرستی کا معاشرہ بن چکے ہیں، لوگوں پراتنا خوف طاری کیا جا رہا کہ وہ اپنے سائے سے خوفزدہ ہیں۔