شوگر روز بروز بڑھتا مرض

Diabetes

Diabetes

تحریر : رانا اعجاز حسین
ذیا بیطس (شوگر) روز بروز بڑھنے والا ایسا مرض ہے جو مسلسل لوگوں کی بڑی تعداد کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں 38 کروڑ سے زائد افراد اس بیماری میں مبتلا ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق ذیابیطس کے اسباب موٹاپا، تمباکو نوشی اور ورزش نہ کرنا ہے، جبکہ شوگر سے متعلق عوام میں مناسب آگاہی ہونے پر چند احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

شوگر کا مرض جسم میں انسولین کی مقدارغیر معتدل ہونے سے پیدا ہوتا ہے ۔ درحقیقت انسان جو بھی خوراک کھاتا ہے، اس خوراک کا اکثر حصہ خاص طور پر میٹھی اور نشاستہ دار اشیاء شوگر میں تبدیل ہوتی ہیں، اس شوگر کو گلوکوز کہتے ہیں، اور یہ گلوکوز جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔ انسانی جسم میں معدہ سے ذرا نیچے لبلبہ (Pancrea) ہوتاہے، جو انسولین نامی ہارمون پیداکرتا ہے جو گلوکوز کی مقدار کو حدود میں رکھتا ہے، اور ساتھ ہی یہ ممکن بناتا ہے کہ ہمارے عضویات خون کے ذریعے سے گلوکوز حاصل کر سکیں، اگر ایسا نہ ہو تو پھر انسانی جسم میں شامل چربی ہی توانائی کا ذریعہ رہ جاتی ہے۔ انسولین کا انسانی جسم کی نگہداشت میں انتہائی اہم کردار ہے۔

ذیا بیطس کا مرض لاحق ہونے پر بنیادی طور پر یہ ہوتا ہے کہ لبلبہ صحیح کام نہیں کرتا اور ضروری مقدار میں انسولین خارج نہیں ہوتی، یا پھر یہ ہوتا ہے کہ خلیات انسولین کے ساتھ کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں، دونوں صورتوں میں نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ خون میں گلوکوز کی مقدار توازن میں نہیں رہتی جس کے نتیجے میں تمام عضویات پر برا اثر پڑتا ہے۔ سب سے برا اثر خون کی شریانوں پر ہوتا ہے۔ذیا بیطس کا تا حال کوئی مکمل علاج نہیں ہے۔ یعنی اس بیماری سے بچا جا سکتا ہے یا پھر اس کے اثرات کو محدود کیا جا سکتا ہے مگر بیماری لاحق ہونے کی صورت میں اس کا مکمل خاتمہ کسی طور سے ممکن نہیں ہوسکاہے۔ اگر مستقبل قریب میں مصنوعی پینکریاز یا لبلبے کی تخلیق کا مرحلہ پوری طرح مکمل ہو جاتا ہے تو اس کے استعمال سے عرف عام میں شوگر کہلانے والے پیچیدہ مرض ذیا بیطس کا شافی علاج ممکن ہو سکے گا۔ بعض طبی ریسرچرز کے مطابق مصنوعی لبلبے کی تخلیق آزمائشی مراحل میں ہے۔

بنیادی طور پر ذیا بیطس کی دو قسمیں ہیں،اول جس میں جسم میں انسولین قطعاً نہیں بنتی، یہ بیماری کبھی بھی نمودار ہو سکتی ہے مگر عموماً بچپن سے ہی لوگ اس کا شکار ہوتے ہیں، اس کا علاج مستقل انسولین لیتے رہنا ہے، مگر ساتھ ہی ساتھ خون میں گلوکوز کی مقدار سے آگاہ رہنا بھی ضروری ہے تاکے انسولین کی صحیح مقدار لی جاسکے۔ کچھ صورتوں میں خون میں گلوکوز کی مقدار بہت زیادہ یا بہت کم ہو سکتی ہے، لہٰذہ محتاط رہنے کی ضرورت رہتی ہے۔ دوسری قسم کی ذیا بیطس میں یہ ہوتا ہے کہ خلیات اور ٹشوز میں انسولین کے ساتھ کام کرنے والے کیمیائی اجزاء صحیح طریقے سے اپنا عمل سرانجام نہیں دے پاتے جس کے نتیجے وہ نظام جس کو انسولین کی آمد کے بعد کام کرنا ہوتا ہے یہ اندازہ نہیں لگا پاتا کہ انسولین کی مقدار کتنی ہے، نتیجے میں جسم کو گلوکوز کی صحیح مقدار حاصل نہیں ہو پاتی، نتیجہ گلوکوز کی زیادتی یا کمی دونوں صورتوں میں نکل سکتا ہے،ذیا بیطس کی یہ قسم زیادہ عام ہے۔

Blood Sugar

Blood Sugar

ذیا بیطس کی عمومی علامات میں دھندلا نظر آنا، چکر آنا، مستقل پیاس لگنا، تیزی سے وزن گرنا، بھوک لگتے رہنا، بہت زیادہ پیشاب آنا شامل ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ان علامات کا خیال رکھا جاے، ساتھ ہی ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ ذیا بیطس پر نظر رکھی جائے اور وقتاً فوقتاً ذیا بیطس کا ٹیسٹ کروایا جائے۔ یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ ذیا بیطس میں ایک وقت وہ ہوتا ہے جس کو قبل از ذیا بیطس کہا جا سکتا ہے۔ یعنی ایسے اثرات کہ جو ذیا بیطس کی طرف لے جا سکتے ہیں، مستقل ٹیسٹ کرواتے رہنے سے اس وقت میں آگاہی حاصل ہو سکتی ہے اور بر وقت حفاظتی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

جبکہ چالیس سال سے زیادہ عمر کے خواتین و حضرات کو ذیا بیطس سے زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ وزن زیادہ ہونا، رہن سہن اور اوقات میں ترتیب نہ ہونا، بے ڈھنگی زندگی، واک اور ورزش نہ کرنا یا جسمانی مشقت نہ ہونا، بہت زیادہ مرغن غذا کا استعمال ، بلند فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر، ذیا بیطس کی وجوہات میں سے ہیں، ذیا بیطس موروثی اثرات کی بنا ہ پر بھی ہو سکتی ہے یعنی ماں باپ یا ان کے والدین اگر ذیابیطس کے مریض رہے ہیں تو اگلی نسل میں ذیا بیطس کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ذیا بیطس کے اثرات پورے جسم پر پڑتے ہیں اور لمبے عرصے میں خاصی مشکلات پیش آ سکتی ہیں، جیسے آنکھوں اور بینائی پر اثرات، بلند فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر اور ان کے نتیجے میں دل کی بیماریاں، کھال کی بیماریاں، پورے جسم خصوصاً ٹانگوں پر چوٹوں کا ٹھیک نہ ہونا، گردوں کی بیماریاں، اس کے علاوہ یہ رگوں اور شریانوںپر بھی اثر انداز ہو تا ہے، اور بہت سی جان لیوا بیماریوں کی وجہ بن سکتاہے۔ بظاہر ذیابیطس اور دل کے عوارض دو مختلف چیزیں ہیں، لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ ذیابیطس میں مبتلا افراد کی اکثریت کئی ایک پیچیدگیوں کا شکار ہو جاتی ہے۔ ان پیچیدگیوں میں امراض قلب سرِ فہرست ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ذیابیطس میں مبتلا افراد میں سے پچاس فیصد کی اموات کاسبب عارضہ قلب ہی ہوتا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا شخص عام لوگوں کی نسبت ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے زیادہ خطرات رکھتا ہے۔ اسی طرح ذیابیطس میں مبتلا افراد ذیابیطس کے خراب کنٹرول کے باعث گردوں کی خرابی کی زد میں آجاتے اور اس کے بعد ہائی بلڈ پریشر کے مریض بن جاتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس دونوں میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، معاملے کا سنگین پہلو یہ ہے کہ جب یہ دونوں بیماریاں مل جائیں تو سخت احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ یہ دونوں امراض، ایک دوسرے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں۔ ہائی بلڈ پریشر پر کنٹرول اس اعتبار سے اہم ہے کہ بہت سی صورتوں میں صرف احتیاط ہی سے یہ مرض کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

ذیا بیطس سے بچنے کے لیے ضروری ہے، وزن کو بڑھنے نہ دینا، پوری نیند لینا، دن میں جاگنا رات میں بروقت سونا، غذا میں توازن رکھنا ، سبزیوںکے استعمال سے پروٹین کا مناسب حصول، زیادہ چکنائی اور نشاستہ سے بھری غذاؤں سے اجتناب کرنا۔ گوشت، جمنے والی چکنائیوں، مکھن، بناسپتی گھی اور مارجرین وغیرہ کا استعمال ترک کرنا، کیونکہ ان سے کولیسٹرول کی سطح بڑھ سکتی ہے۔ بلکہ مناسب یہی ہے کہ مغزیات جیسے مونگ پھلی، زیتون کاتیل، کینولا کا تیل، چکنی یا روغنی مچھلی وغیرہ کھائے جائیں۔ اور خصوصاً روزانہ کم ازکم 30 منٹ کی ورزش کی عادت اپنائی جائے ۔ تمام معا لجین اس بات پر متفق ہیں کہ اگر شوگر کا مریض ورزش کو اپنے معمول کا حصہ بنا لے تو وہ شوگر کے اثرات بد سے محفوظ رہ کر پر لطف زندگی گزار سکتا ہے کیونکہ ورزش سے اس مرض کی شدت میں کمی واقع ہوتی ہے ، اور ورزش بالواسطہ طور پر لبلبے کو تحریک دے کر انسولین کے افراز میں اضافہ کرتی ہے اور انسانی جسم میں انسولین لیول متوازن کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

RANA AIJAZ HUSSAIN

RANA AIJAZ HUSSAIN

تحریر : رانا اعجاز حسین
ای میل: [email protected]
رابطہ نمبر:03009230033