کراچی (جیوڈیسک) ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں فیشن و بیوٹی انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں خوش آئند امر ہے۔
دہشت و خوف کی فضا میں کراچی میں بیوٹی و فیشن شوز کا انعقاد ثقافتی دنیا کے مستقبل کے لئے ایک اچھا پیام ہے، ملکی و غیر ملکی فیشن ڈیزائنرز کے ملبوسات کی ریمپ پر کیٹ واک کرکے احساس ہوتا ہے کہ فیشن کسی ملک کا بھی ہواس کے ملبوسات اپنے اندر اپنائیت کا احساس لئے ہوئے ہوتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیشن کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ماضی کے مقابلے میں فیشن انڈسٹری کو جو عروج آج ملا ہے اس سے ہمارے فیشن ڈیزائنرز اور ماڈلز کو بین الاقوامی سطح پر اپنی اہمیت منوانے کے بھرپور مواقع مل رہے ہیں۔
فیشن انڈسٹری میں دنیا کی ٹاپ فیشن ڈیزائنرکا ایوارڈ بھی پاکستان کے پاس رہا ہے ،جس سے ہمیں فخر کااحساس ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اچھے اور معیاری ڈراموں میں کام کرنے کے لئے فیشن شوز اور ماڈلنگ کو بھی قربان کرسکتی ہوں، ڈرامہ سیریل ستم گر میں میرا کردار پسند کیا گیا تھا، نئے ڈراموں کے لئے بات چیت چل رہی ہے۔