مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کا حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظر بندی کی شدید مذمت

Pir Syed Haroon Ali Gilani

Pir Syed Haroon Ali Gilani

لاہور (ممتاز حیدر اعوان) مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھارتی دبائو پر امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ حکومت بھارت کی خوشنودی کی بجائے کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کرے۔

اگر انہیں رہا نہ کیا گیا تو ہم ملک گیر تحریک چلائیں گے۔ حافظ محمد سعید لاکھوں کشمیریوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔قومی ہیرو کی نظر بندی اسلامی اقدار اور انسانی حقوق کی سخت خلاف ورزی ہے۔حکومت پاکستان نے پاکستانی قوم کا سر شرم سے جھکا دیاہے۔

حافظ محمد سعید کشمیریوں کے حقیقی وکیل کا کردار ادا کر رہے تھے ان کی نظر بندی سے تحریک آزادی کمزورہوئی تو ذمہ داری حکمرانوں پر ہو گی۔حافظ محمد سعید کا استحکام پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کا مشن جاری رہے گا۔پانچ فروری کو حافظ محمد سعید کی کال پر کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے ملک گیر پروگرام کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر زبیر، لیاقت بلوچ، پیر سید ہارون علی گیلانی، شاہ محمد اویس نورانی،عبداللہ حمید گل، حافظ عبدالغفارروپڑی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری و دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علماء اسلام(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے حافظ محمد سعید اور ان کے ساتھیوں کی نظربندی پر بہت افسوس ہوا ہے۔

حکومت کوانڈیا کی خوشنودی کیلئے ایسے کسی اقدام سے باز رہنا چاہئے تھا۔جماعة الدعوة دفاع پاکستان کونسل کا حصہ اور بانی اراکین میں سے ہے جس نے کشمیر کے حوالہ سے چند دن قبل اسلام آباد میں قومی مجلس مشاورت برائے کشمیر کا انعقاد کیا اور سال 2017کو کشمیر کے نام کیا۔حافظ محمد سعید کی نظربندی کے بعد یہ سلسلہ نہیں رکے گا بلکہ تحریک آزادی کشمیر جار ی رہے گی۔پانچ فروری کو ملک بھر میں کشمیر کے حوالہ سے ریلیاں نکالی جائیںگی ۔حافظ محمد سعید کا استحکام پاکستان کا مشن جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعة الدعوة کی جانب سے کشمیریوں کے لئے بھر پور تحریک چلانے کی وجہ سے بھارت نے امریکہ کے ذریعے پاکستان پر دبائوڈ الااور ہمیں افسوس ہے کہ حکومت نے شرمناک قدم اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ حافظ محمد سعید کو عدالتوں نے بری کیا ہے۔وہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے دفاع کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔انڈیا و امریکہ کے اسلام دشمن اقدامات پر ملت اسلامیہ کو متحد ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ میں حافظ محمد سعید اور ان کے ساتھیوں کی بلاجواز نظربندی کی شدید مذمت کرتا ہوں اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ا نہیں رہا کیا جائے۔انڈیا کو خوش کرنے کے لئے قومی ہیرو کو نظر بند کرنا کہاں کا انصاف ہے۔ہم اس حکومتی اقدام کے خلاف بھرپوراحتجاج کریں گے اور تحریک چلائیں گے۔ملی یکجہتی کونسل کے صدر اورجمعیت علماء پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ حافظ محمد سعید کشمیر کے لئے عملی جدوجہد کر رہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے حافظ محمد سعید کی نظربندی کے فیصلے سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچے گا جس کی تمام ترذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہو گی۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں جب بھی مشکلات آئیں تو جماعة الدعوة کے کارکنوں نے سب سے آگے بڑھ کر کام کیا اور جو کام حکومت نے کرنا ہوتا تھا وہ بھی جماعة الدعوة نے ہی کیا۔حکومت کی جانب سے اس بزدلانہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حافظ محمد سعید اور ان کے ساتھیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ حافظ محمدسعید کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حمایت اور بھارتی مظالم و دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہے تھے ۔حکومت کی جانب سے ان کی نظر بندی قابل مذمت ہے۔

جماعت اسلامی مسئلہ کشمیر کو الجھانے کی اندرونی و بیرونی سازشوں کو بے نقاب کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے اقدامت سے پوری دنیا میں ایک ہیجانی کیفیت پیدا ہو رہی ہے۔بھارت ٹرمپ کی کمزوری سے فائدہ اٹھا رہا ہے اور پاکستان پر امریکہ کے ذریعے دبائو بڑھا رہا ہے۔پرویز مشرف کی طرح نواز شریف نے بھی امریکی حکومت کے سامنے سرنڈر کر لیا۔اس فیصلے سے پاکستان کے لئے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا اور بھارت و امریکہ کی ڈو مور کی رٹ ختم نہیں ہو گی۔ہدیة الھادی پاکستان کے چیئرمین پیر سید ہارون علی گیلانی نے کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے اور حافظ محمد سعید کشمیریوں کے لئے سب سے بڑھ کر کردار ادا کر رہے ہیں۔کشمیریوں کے وکیل کو گرفتار کیا گیا حالانکہ حافظ محمد سعید محب وطن ہیں۔کشمیریوں کے لئے درد دل رکھنے والی شخصیت کو نظربند کرنا اسلامی اقدار اور انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔

ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارتی دبائو پر کیا جانے والا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے تا کہ تحریک آزادی کشمیر کو تقویت ملے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کشمیریوں کے ساتھ ہیں،سید علی گیلانی کے ساتھ ہیں اور حافظ محمد سعید کے بھی ساتھ ہیں۔جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی نے کہا کہ حافظ محمد سعید اور ان کے ساتھیوں کی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔حکومت کی خارجہ و داخلہ پالیسی کی ناکامی اس فیصلے سے ظاہر ہوتی ہے۔حافظ محمد سعید لاکھوں کشمیری مسلمانوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں ۔کشمیر کی تحریک بھر پور انداز میں جاری رہے گی ۔حکومت حافظ محمد سعید کو فی الفو ررہا کرے اور بھارت کی ترجمانی کی بجائے کشمیری مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کرے۔

تحریک نوجوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ گل نے کہا کہ حکومت نے انڈیا اورامریکہ کو خو ش کرنے کے لئے حافظ محمد سعید کو نظر بند کر دیا۔ایک ایسے وقت میں جب تحریک آزادی کشمیر عروج پر ہے اور کشمیری پاکستا ن کی جانب سے ٹھنڈی ہوائوں کے منتظر ہیں۔حافظ محمد سعید کشمیر کے حوالہ سے مضبوط اور توانا آواز اٹھا رہے تھے’ان کی نظربندی حکومتی کمزوری ہے۔اس سے کشمیریوں کو مایوسی کا پیغام دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ی پاکستان کا ساتھ دے رہے ہیں ،پاکستان کے پرچم بلند کر رہے ہیں اور ہمارے حکمران کشمیرکے لئے پاکستان میں آواز بلند کرنے والوں کو نظر بند کر رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت قدم ہے۔

انہوںنے کہاکہ جس انداز میں ایک فون کال پر پرویز مشرف امریکہ کے سامنے ڈھیر ہو گیا تھا موجودہ حکومت نے بھی وہی رویہ اپنا یا ہے جو افسوسناک عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے علمبردار حافظ محمد سعید کو بغیر کسی ثبوت کے امریکی دبائو میں آ کر نظر بند کرناآزاد ملک پاکستان کی توہین کے مترادف ہے۔امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفارروپڑی، متحدہ جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری و دیگر نے کہاکہ حافظ محمد سعید دفاع پاکستان کے علمبردار ہیں۔

انہوں نے اسلام و ملک دشمنوں کو ہمیشہ سخت پیغام دیااور قوم کو متحرک کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی کشمیر کے حوالہ سے پالیسی پر حافظ محمد سعید عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے پر حافظ محمد سعید کی نظربندی کو درست قرار نہیں دیاجاسکتا۔

Abdullah Gul

Abdullah Gul

Abolkhair Zubair

Abolkhair Zubair

Liaqat Baloch

Liaqat Baloch

samilulhaq

samilulhaq

Shah Owais Norani

Shah Owais Norani