اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف ہر منصوبے کا تین تین بار افتتاح کرتے ہیں۔ ن لیگ پنجاب میں انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی نہیں کررہی ہے۔
اپنی پریس بریفنگ کے دوران بلاول کہتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا اور نئی امریکی حکومت ابتدائی دور میں ہے، مسلمانوں کے خلاف ٹرمپ کے احکامات کامیاب نہیں ہونگے۔
بلاول نے کہا کہ وفاقی حکومت نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد میں ناکام رہی، نیشنل ایکشن پلان پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے میں ہم نے کردار ادا کیا تھا۔ معاشی ترقی کے لیے عوام کو اختیار دینا ضروری ہے۔ پاکستان میں عوامی مفاد کے لیے سب سے زیادہ ہم نے کام کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کرا کر اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے، ہم محدود وسائل کے ساتھ مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور کراچی آپریشن کوئی مذاق نہیں تھا۔