لاہور : مورخہ 5 فروری کو پارٹی سیکریٹریٹ لاہور میں نیشنل پارٹی لاہور پنجاب کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر تقریب کاانعقاد کیا گیا۔صدارت نیشنل پارٹی پنجاب کے نائب صدر میاں آفتاب احمد نے کی جبکہ مہمان خصوصی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری نیازاحمدکاظمی تھے دیگر مہمانا ن گرامی میں نائب صدر لاہور محمد اصغر ،نیازاحمدرانا تھے۔تقریب کی نظامت اقبال کھوکھر نے کی۔
آغاز محمدنوید ٹیپو کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔تقریب میں کارکنان کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔رشیدلالہ نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی پر نظم پڑھی۔فیاض احمد بھٹی،ذوالفقار بھٹو،نیازاحمد رانا،محمداصغر ودیگر نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کی کوششوں سے کشمیر آزادی کاسورج دیکھ سکتا ہے ۔بھارت کو کشمیریوں پر ظلم وستم بندکرنے کے لئے عالمی طاقتیں بھرپور اثرورسوخ استعمال کریں۔
نیازاحمد کاظمی نے کیا کہ پاکستان کا ہرشہری کشمیری عوام کے ساتھ ہے اور انشاء اللہ نیشنل پارٹی کشمیر ی عوام کی اخلاقی وسماجی حمایت جاری رکھے گی۔میاں آفتاب نے صدارتی خطاب میں قومی وبین الاقوامی جغرافیائی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایک وقت آئے گا جب بھارت کشمیر کو آزاد کرنے پر مجبور ہوجائے گا۔
تقریب میں اقبال کھوکھر نے نیشنل پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری طالب حسین کے لاہور سے باہر مصروفیت کے باعث ان کا پیغام پڑھ کر سنایا نیشنل پارٹی آج کی اس تقریب میں عالمی قوتوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ بھارت پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دے اور اقوام متحدہ اپنے انسانی حقوق چارٹر پر عمل درآمد کرواتے ہوئے معصوم بے گناہ کشمیری عوام پر بھارتی ظلم وستم بندکروائے۔