کراچی (اسٹاف رپورٹر) صاحبداد محمڈن فٹ بال کلب ملیر کے زیر اہتمام محفوظ الیون فٹ بال اسٹیڈیم پر منعقدہ “آل کراچی غلام اکبر فٹ بال ٹورنامنٹ “کاٹائٹل ڈسٹرکٹ ایسٹ چمپئن اعظم اسپورٹس ڈرگ روڈ نے اپنے نام کرلیا۔
فائنل معرکے میں حاجی الیاس اعوان کی سرپرستی میں شاہ فیصل ٹائون کی مضبوط ٹیم اُسامہ اسپورٹس کو 2-0سے شکست دیکر فائنل میں فتح حاصل کیا کھیل کے ابتداء ہی سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جارحانہ موڈ میں نظر آئے اُسامہ اسپورٹس شاہ فیصل ٹائون نے گول کرنے کے کئی آسان مواقع ضائع کئے۔
اعظم اسپورٹس کی جانب سے ان کے اسٹار فارورڈ حافظ محمد حسان نے نہایت ہی خوبصورت 2گول اسکور کرکے اپنے ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار اد اکیا۔
فائنل میچ کے اختتام پر ٹورنامنٹ آرگنائزینگ کمیٹی کی جانب سے تقسیم انعامات کی شایان شان تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی صوبائی وزیر کچی آبادی حاجی مرتضیٰ بلوچ نے فاتح اعظم اسپورٹس ڈرگ روڈ اور رنر اپ اُسامہ اسپورٹس شاہ فیصل ٹائون کے کپتانوں کو ٹرافی اور آغا موبائل سٹی کے کمال الدین کی جانب سے ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھا نے والے کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات اور کیش پرائز تقسیم کئے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایسٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ اور اُسامہ اسپورٹس کے چیئر مین حاجی محمد الیاس اعوان،ڈسٹرکٹ ایسٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری کیپٹن عبید اللہ خان بھی اور ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر حاجی مرتضیٰ بلوچ نے کہاکہ سندھ حکومت کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔
ہم کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کو یقینی بنا کر صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا ئیں گے انہوں نے شاندار فٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے فٹ بال کھیل کے فروغ کے ھوالے سے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلا یا ۔فائنل میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری عبدالغفور بلوچ،نصیر عمر بلوچ اور خالد ممتاز جمی نے انجادم دیئے۔