کراچی (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کراچی بن قاسم میں فوجی فرٹیلائزر کول پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔ منصوبے سے 118 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گئی، انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی بھرپور پیداوار شروع ہو گئی، اب ترقی کاعمل تیز ہوگا، بجلی سے کراچی کی شہری آبادی بھی فائدہ اٹھا سکے گی۔
بن قاسم کراچی میں پاکستان کے پہلے کوئلے سے 118 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے فوجی فرٹیلائزر کول پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ توانائی کے بحران پر ماضی میں کوئی توجہ نہیں دی گئی، اگر کالا باغ ڈیم متنازع ہوگیا تھا تو اس کا متبادل ڈھونڈنا چاہیے تھا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک میں جو خرابی ہونا تھی وہ ہوچکی اب ہم ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ سی پیک کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ آئندہ سال تک لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب سے کراچی ،فاٹا اور بلوچستان میں 95 فیصد نتائج حاصل ہوئے۔ 100 فیصد تک کامیابی حاصل کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر عمر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔