سدہنوتی میں الشیخ یوسف ٹرسٹ کا قیام

Hazrat Umar Farooq RA

Hazrat Umar Farooq RA

تحریر : حاجی زاہد حسین خان
حضرت عمر فاروق رات کو مدینہ المنورہ کی گلیوں کی گشت پر تھے ایک گھر کے باہر سے گزر رہے تھے کہ زور سے بچوں کے رونے کی آواز آرہی تھی وہ ماں سے کھانے کا تقاضا کر رہے تھے ماں نے چولھے پر خالی ہنڈیا چڑھا رکھی تھی چند کنکر ڈال کر ہلا رہی تھی آنکھوںمیں آنسو لئے بچوں کو تسلیاں دے رہی تھی گھر میں آٹا تھا نہ دانہ اور نہ بچوں کا باپ یتیم بچے بھوک سے بلک رہے تھے امیر المومنین نے یہ منظر دیکھا تو تڑپ اٹھے بھاگتے بھاگتے بیت المال گئے حارس کو اٹھایا آٹے کی بوری کندھے پر رکھی ساتھ گھی شکر چوکیدار نے عرض کی یا امیر میر ا کندھا حاضر ہے۔ نہیں نہیں یہ میرابوجھ ہے میں خود اٹھائوں گا۔ اور بیوہ کے گھر پہنچے کھانا بنوایا بچوں کو سوتے سے اٹھایا کھانا کھلایا۔ ہاتھ چوڑ کر معافی مانگی۔ اے بہن ۔ میرے محلے میں میرے ہمسائے میں میری حکومت میںیتیموں کا بھوک سے تڑپنا اور مجھے خبر نہیں یا اللہ تو مجھے معاف کردے ۔ صبح اٹھ کر سارے مدینے کی بیوائوں اور یتیموں کا اندراج کرانے اور ہر مہینے انکا راشن لگانے کا حکم دیا۔

اللہ اللہ یہ تھے آقا علیہ السلام کے جانثار صحابی اور یہی حال تمام صحابہ جمعین کا تھا۔ خدمت خلق میں ایک سے ایک سب بڑھ کر تھے ۔ خود بھوکے رہتے مگر غریب نادار اور بیوائوں یتیموں کی پرورش میں پیش پیش آقا علیہ السلام کی تعلیم و سنت پر عمل پیرا ۔ قارئین خدمت خلق کی سعادت کسی کسی کو ہی نصیب ہوتی ہے۔ وہ عظیم لوگ ہوتے ہیں جو معاشرے کے ان ناداروں یتیموں کی خدمت اور خلق خدا کی خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں۔ خوش قسمتی سے ہمارے پاکستان اور ریاست آزاد کشمیر میں ایسے لاکھوں نہیں تو ہزاروں اللہ کے پیارے انفرادی اور اجتماعی فلاحی ادارے اور ٹرسٹ بنا کر غرباء یتماء اور سفید پوش لوگوں کی خدمت میں پیش پیش رہ کر آقا علیہ السلام کی سنت اور صحابہ رضوان اللہ اجمعین کے اس مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں اللہ انہیں اس کا اجر عظیم دے۔ انکی دنیا اور آخرت اچھی بنائے۔

خدمت خلق اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اس عظیم مشن کی پیروی کرتے ہوئے حال ہی میں پلندری سدہنوتی جامع دارلعلوم کے بانی حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد یوسف رحمة اللہ علیہ کے نام پر انکے فرزند ارجمند اور خلیفہ علامہ سعید یوسف نے اپنے عزیز بھائیوں کی معاونت سے شیخ محمد یوسف ٹرسٹ کا قیام عمل میں لایا ہے جس کی بنیادی ترجیحات گھڑا اتارو سکیم کے تحت قریہ قریہ محلہ محلہ پانی کے بور نکالنے کا کام گزشتہ دو ماہ سے جاری کر دیا ہے۔ چار عدد بور مشینیں دن رات کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دودرجن کے قریب نکلنے والے بور میٹھا اورصاف پانی بلا تحصیص عوام کو مہیا کرر ہے ہیں۔

Helping Poor

Helping Poor

دوسرا بڑا مشن علاقے کے غرباء یتماء اور بیوائوں میں ماہانہ بنیاد پر آٹا اور راشن جس میں آٹا ، چینی ۔ آلو ،پیاز اور گھی مہیا کرنا ہے۔ گزشتہ ہفتے تیس گھرانوں میں ان تمام اشیاء پر مبنی تھیلے تقسیم کئے گئے اس موقع پر عوام علاقہ کے علاوہ قاری محمد مسعود صاحب مفتی ارشد صاحب اور ٹرسٹ کے مدیر اعلیٰ احسن ذاکر اور قاری محمد اسحاق صاحب بھی موجود تھے۔ دعائیہ کلمات کے بعد جب مختلف علاقوں سے آئی نادار اور بیوائوں نے راشن کے تھیلے وصول کیے تو خاکسار نے ان کی آنکھوں میں تشکر کے امڈ تے آنسو دیکھے۔ ایک نشست میں علامہ سعید یوسف اور مدیر ٹرسٹ جو دن رات اس خدمت خلق کے مشن میں مصروف عمل ہیں نے فرمایا۔ ہمارا مشن ہی علاقے کی مائوں بہنوں بیٹیوں کے سروں سے گھڑا اتارنا ۔ ٹھنڈا میٹھا صاف پانی گھروں میں مہیا کرنا ہے اور ناداروں بیوائوں یتیموں کے آنسو پونچھنا ہے۔ انہوں نے فرمایا یہ ایک خالصتا خدمت خلق کا مشن ہے۔

اس میں مدرسے اور سیاست کا کوئی عمل دخل نہیں۔ بلا امتیاز علاقے کے ہر مستحق کی خدمت اس ٹرسٹ کے مشن کا حصہ ہے۔ انہوں نے اپنے علاقے ریاست اور پاکستان کے مخیر حضرات سے اور دیگر اداروں سے اپیل کی کہ وہ فراخدلی سے اس شیخ یوسف ٹرسٹ میں اپنا حصہ ڈالیں ڈالتے رہیں۔ تاکہ خالصتا انسانی خدمت کے لئے قائم کردہ اس ٹرسٹ کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے۔ تاکہ حسب توفیق اس ٹرسٹ کے مشن اور خلق خدا کی خدمت کو سدہنوتی سے نکال کر ساری ریاست میں پھیلا دیا جائے۔

آقا علیہ السلام کی سنت و تعلیمات اور اصحاب اجمعین کے اس عظیم مشن پر عمل پیرا ہو کر اللہ کی خوشنودی حاصل کر کے اپنی اخروی زندگی کے لئے ذخیرہ خیر بنا یا جائے۔ اللہ ہم سب کو اس کار خیر میں حصہ لینے کی توفیق عطا فرمائے۔ شیخ محمد یوسف ٹرسٹ کو کامیابی اور علامہ سعید یوسف اور انکے برادران کو سلامتی تندرستی اور اجر اعظیم عطا فرمائے (آمین)۔

Haji Zahid Hussain

Haji Zahid Hussain

تحریر : حاجی زاہد حسین خان
hajizahid.palandri@gmail.com