لاہور : پاکستان ریلویز کے ڈائریکٹر جنرل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان نے خصوصی دعوت پر غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کا دورہ کیا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر جعفری سے ملاقات کی ۔ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ڈی جی ایجوکیشن پاکستان ریلویز کو غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ اور اس کے مختلف تعلیمی پراجیکٹس بارے تفصیلی آگاہی دی گئی جبکہ دونوں اداروں کے ذمہ داران کے مابین اس موقع پر بیشتر تعلیمی معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
ڈاکٹر فرحان عبادت نے ٹرسٹ کے سکولوں کے قواعد و ضوابط اور کام کے طریقہ کار کے حوالے سے بریفنگ لی اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے بالخصوص ہندو برادری کی تعلیم کے خصوصی پراجیکٹ کی تعریف کی۔
انہوں نے ٹرسٹ کو بلوچستان اور سندھ کی تعلیمی ترقی میں کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
جبکہ اس موقع پر غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ اور پاکستان ریلویز کے شعبہ ایجوکیشن کے ذمہ داران کے مابین دونوں اطراف کے سکولوں کی ترقی میں ایک دوسرے کی معاونت اور دوطرفہ تعاون پر آمادگی کا بھی اظہار کیا گیا۔