موغا دیشو (جیوڈیسک) صومالیہ کے سابق وزیراعظم محمد عبداللہ محمد ملک کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں اور انھوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
امریکا سے اعلیٰ تعلیم یافتہ محمد عبداللہ محمد صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں منتخب ہوئے ہیں۔صدارتی انتخاب کے لیے دارالحکومت مقدیشو کے بین الاقوامی ہوائی کے ایک محفوظ ہال میں منعقدہ پارلیمان کے اجلاس میں رائے شماری ہوئی۔
صومالی قانون سازوں نے انھیں دوسرے مرحلے میں فیصلہ کن برتری دلا دی تھی جس کی وجہ سے تیسرے مرحلے کے لیے رائے شماری کی نوبت ہی نہیں آئی ہے اور ان کے مدمقابل سبکدوش ہونے والے صدر حسن شیخ محمود نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔
محمد عبداللہ محمد کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہوئے مقدیشو شہر میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔انھوں نے کہا کہ ”یہ صومالیہ اور صومالی عوام کی فتح ہے”۔انھوں نے منتخب ہونے کے فوری بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔