لندن (جیوڈیسک) برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں نے یورپی یونین چھوڑنے کے لئے مذاکرات شروع کرنے کا بل منظور کر لیا ۔ چار سو چورانوے ارکان نے وزیراعظم ٹریزا مے کے حق میں ووٹ دیا۔
برطانوی پارلیمان کے ایوان زیریں نے حتمی ووٹ کے ذریعے برطانیہ کے یورپی یونین چھوڑنے کے حوالے سے مذاکرات کے آغاز کی منظوری دے دی ہے۔
ایوان زیریں میں 122 کے مقابلے 494 ارکان پارلیمان نے وزیر اعظم ٹریزا مے کو بریگزٹ مذاکرات شروع کرنے کے حق میں فیصلہ دیا ۔ اب اس بل کو مزید جانچ پڑتال کے لیے ایوان بالا یعنی ہاؤس آف لارڈز میں پیش کیا جائے گا۔
برطانوی عدالت نے حکم دیا تھا کہ بریگزٹ پر عمل درآمد شروع کرنے کا فیصلہ پارلیمان میں ووٹنگ کے ذریعے کیا جائے۔
گزشتہ سال جون میں برطانیہ میں یورپی یونین میں رہنے یا نکل جانے کے سوال پر ہونے والے تاریخی ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق 52 فیصد عوام نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں جبکہ 48 فیصد نے یونین کا حصہ رہنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔