کراچی (جیوڈیسک) بحری مشق امن 2017 میں شرکت کے لیے غیر ملکی جہازوں کی آمد جاری ہے، پاک بحریہ کی امن مشقیں 2017 کل سے شروع ہورہی ہیں جس میں 36 ملکوں کی بحری افواج شریک ہوں گی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امن مشقیں 2017 کل سے شروع ہورہی ہیں جس میں شرکت کے لیے روس، چین اور سری لنکا کے بحری جہاز پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مشقوں میں روس کے 3 اور امریکا کے 4 جنگی بحری جہاز شرکت کر رہے ہیں جبکہ مشقوں میں چین کے تین بحری بیڑے اور جاپان کے 2 پی تھری سی اورین طیارے بھی حصہ لیں گے۔
پاک بحریہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ بحری مشق امن 2017 میں انڈونیشیا، آسٹریلیا، برطانیہ اور ترکی کا ایک ایک بحری جہاز شریک ہو گا، مجموعی طور پر 36 ممالک کی بحریہ شریک ہوں گی۔