پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقتدار سنبھالا تو ملک کو توانائی کے بحران کا سامنا تھا لیکن اب پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کررہی ہے، اقتصادی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

عالمی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی صنعتی زون قائم کر رہےہیں، آپ کا دورہ پاکستان سرمایہ کاری اور تجارت کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کے لئے اصلاحات کر رہے ہیں، رواں سال ترقی کی شرح 5 اعشاریہ 5 تک لے گئے اور 2025 تک پاکستان دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہو گا۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی اور ملک میں غربت میں کمی اور متوسط طبقے کی آمدنی میں اضافہ ہوا۔

اجلاس میں اٹلی، سنگا پور، برطانیہ، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، سویڈن اور چین کے نمائندے سمیت 14 ملکوں کی نامور کمپنیوں کے 38 ایگزیکٹوز شریک ہوئے۔