دبئی (جیوڈیسک) دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا جو انتہائی سود مند ثابت ہوا۔ کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پشاور زلمی کو جیت کیلئے 119 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز بھی انتہائی مایوس کن تھا۔ اوپننگ بلے باز محمد حفیظ اور ان کے بعد آنے والے کھلاڑی کامران اکمل بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے۔
محمد عامر نے پہلے اوور میں محمد حفیظ کو ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کامران اکمل ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں سہیل خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تاہم اس کے بعد ایون مورگن اور ڈیوڈ ملان نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا اور شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کے باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔ تاہم پشاور زلمی کا سکور ابھی 48 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ ڈیوڈ ملان کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ عماد وسیم کی گیند پر بابر اعظم نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ ڈیوڈ ملان نے 4 چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے۔ اس کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم نے 9.3 اوورز میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ایون مورگن نے اس کے بعد نئے آنے والے کھلاڑی حارث سہیل کے ساتھ مل کر ٹیم کے سکور کو اور آگے بڑھایا۔ مورگن نے صرف 43 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ایون مورگن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا اور ناقابل شکست رہتے ہوئے 80 رنز کی اننگز کھیلی۔ کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر، سہیل خان اور عماد وسیم کے حصے میں صرف ایک ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل کراچی کنگز کی جانب سے شاہ زیب حسن اور کرس گیل نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم کھیل کے پہلے ہی اوور میں کراچی کنگز کو نقصان اٹھانا پڑ گیا۔ شاہ زیب حسن اوور کی تیسری گیند پر ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ ان کی وکٹ محمد حفیظ کے حصہ میں آئی۔ محمد حفیظ نے پہلے اوور میں صرف 2 رنز دیے۔ اس کے بعد دوسرے ہی اوور میں بابر اعظم پشاور زلمی کے فاسٹ باؤلر حسن علی کی باہر نکلتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں اپنا کیچ دے بیٹھے۔ کپتان ڈیرن سیمی نے دائیں جانب چھلانگ مار کر ان کا ناقابل یقین کیچ لیا۔ اس کے بعد چوتھے اوور میں کراچی کنگز کے کپتان کمارا سنگاکارا ایک غیر ضروری شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ جارڈن کی گیند پر محمد حفیظ نے ان کا کیچ لیا۔ سنگاکارا نے صرف 5 رنز بنائے۔ اس کے فوری بعد ہی کرس گیل بھی ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے انہوں نے صرف 2 رنز بنائے۔ یہ وکٹ بھی محمد حفیظ کے حصہ میں آئی۔
شعیب ملک اور روی بھوپارا نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا اور سکور کو 50 سے زائد تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔ ابتدائی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باعث ملک اور بھوپارا نے اتنہائی سست بیٹنگ کی اور کھل کر شارٹ نہ کھیل سکے۔ چار اعشاریہ 45 کے رن ریٹ کے ساتھ پندرہویں اوور تک کراچی کنگز کی ٹیم صرف 70 رنز ہی بنا سکی۔ اس کے بعد کراچی کنگز کا سکور ابھی 71 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ روی بھوپارا بھی ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔ روی بھوپارا نے 40 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کے آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی شعیب ملک تھے جنہوں نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے فوری بعد ہی نئے آنے والے بلے باز عماد وسیم بھی بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ چھٹی اور ساتویں وکٹ کے نقصان پر کراچی کنگز 95 رنز بنا سکی تھی۔
اس کے بعد کیرن پولارڈ نے میدان میں آ کر کچھ ہمت دکھائی اور میچ کو دلچسپ بنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے صرف 14 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 27 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیظ اور وہاب ریاض نے دو، دو جبکہ حسن علی، جورڈن اور محمد اصغر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔