10 نظام آباد : مسٹر رام موہن ریڈی انچارج پرنسپل گری راج گورنمنٹ کالج نظام آباد کی اطلاع کے بموجب عثمانیہ یونیورسٹی کے قیام کی صد سالہ تقاریب سے قبل سابقہ طلباء Alumni کے رجسٹریشن کے ضمن میں ایک اجلاس کالج آڈیٹوریم گری راج کالج نظام آباد میں 11 فروری بروزہفتہ صبح دس بجے منعقد ہوگا۔ اس اجلاس کے مہمان خصوصی رکن اسمبلی مسٹر جیون ریڈی ہوں گے۔ عثمانیہ یونیورسٹی اساتذہ کے علاوہ گری راج کالج کے اساتذہ اور عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبائے قدیم پروگرام میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر تمام قدیم طلبائے عثمانیہ یونیورسٹی سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اس پروگرام میں شرکت کریں۔ اپنے ساتھ ایک فوٹو لائیں اور کالج میں دئے جانے والے رکنیت فارم کی خانہ پری کریں۔ رکنیت سازی مفت رہے گی اور ڈگری تا پی ایچ ڈی تمام طلبا رکنیت کے ا ہل ہوں گے۔عثمانیہ یونیورسٹی کی صد سالہ تقاریب کا عظیم الشان پیمانے پر انعقاد عمل میں آرہا ہے اور اپریل2017تااپریل2018 مختلف پروگرام منعقد ہوں گے۔ یونیورسٹی انتطامیہ نے اس یونیورسٹی کو عالمی سطح کی یونیورسٹی بنانے میں طلبائے قدیم کے تعاون اور مشوروں کی اپیل کی ہے۔ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو نے کہا کہ جامعہ عثمانیہ شعبہ اردو کے فارغین اوراس یونیورسٹی سے فارغ اردو میڈیم طلباء بھی یونیورسٹی کی رکنیت سازی میں حصہ لیں۔