فیصل آباد (جیوڈیسک) وزیر مملکت عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ پانامہ کیس میں پی ٹی آئی کے وکلا حقائق اور دلائل سامنے نہیں لا سکے۔ عمران خان کو اپنا انجام نظر آ رہا ہے۔ شیخ رشید اور شاہ محمود قریشی بڑے فقیر ہیں۔
فیسکو ہیڈ کوارٹر فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ حکومت کرپشن سے پاک ہے۔ پاناما پیپر والے روتے رہیں گے۔ سپریم کورٹ میں جاری پاناماکیس کا اب ڈراپ سین ہونے جا رہا ہے، عمران خان کو اپنا انجام نظر آرہا ہے۔
عابد شیر علی نے شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان کے دربار محکمہ اوقاف کے زیراہتمام ہیں لیکن شاہ محمود قریشی جس دربار کے جعلی گدی نشین ہیں وہ ان کے قبضے میں ہے۔ دربار کے پیسوں کا حساب دیں تو ان کا مرید بن جاؤں گا۔ شیخ رشید بڑا فقیر ہے اس کے پاس پیسے اور کوٹھیاں کہاں سے آگئیں۔
عابد شیر علی نے اپنے والد شیر علی کا دفاع کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب کو آڑے ہاتھوں لیا۔ بولے ثناءاللہ سے متعلق وہ باتیں کیں جو عدالت اور پولیس کی تفتیش میں سامنے آئیں۔ ثناءاللہ واضح کریں کہ وہ کس ایجنسی کا نام لے رہے ہیں۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ اب پی ٹی آئی کو ان کی زبان میں جواب دینے کا وقت آگیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ سپاٹ فکسنگ سکینڈل بارے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں سپاٹ فکسنگ کرنے والوں کو نشان عبرت بنانا چائیے۔