ہول گرین کھانے سے وزن قابو میں رہتا ہے، ماہرین

Wholegrain

Wholegrain

امریکی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ مکمل اناج (ہول گرین) کھانے سے نہ صرف جسم کو زیادہ غذائیت ملتی ہے بلکہ ہاضمہ بہتر اور تیز رفتار ہونے کے ساتھ ساتھ وزن کم کرنے میں بھی بہت مدد ملتی ہے۔

اب تک شوگر کنٹرول اور انسولین کی کارکردگی بہتر بنانے میں ہول گرین کے فوائد سامنے آچکے ہیں لیکن اب تک اس بارے میں ماہرین کا اتفاق نہیں ہوسکا تھا کہ وزن قابو میں رکھنے یا کم کرنے میں بھی مکمل اناج سے کوئی فائدہ ہوتا ہے یا نہیں۔

امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق نے یہ ابہام بھی دور کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چھلکے سمیت (ثابت حالت میں یا پسا ہوا) ہول گرین کھانے سے جہاں دوسرے فائدے ہوتے ہیں وہاں وزن کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

ہول گرین میں چاول، دلیہ، گندم اور جو شامل ہیں جنہیں ہمارے یہاں عام طور پر چھلکا اتار کر اور آٹے کی صورت میں چھان کر استعمال کیا جاتا ہے۔ چاولوں کے بارے میں سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ اگر چھلا ہوا سفید چاول کھانے کے بجائے ’’بھورا چاول‘‘ کھایا جائے جو چھلکے سمیت ہوتا ہے، تو ایسی صورت میں یہ ہماری صحت کے لیے مفید رہتا ہے۔

چکی میں پیستے دوران اناج کے اہم غذائی اجزاء مثلاً فائبر، آئرن اور مختلف اقسام کے وٹامن بی اس سے الگ ہوجاتے ہیں اور جب استعمال کے لیے یہ آٹا چھانا جاتا ہے تو یہ مفید اجزاء ہمارے پیٹ میں پہنچنے کے بجائے کچرے کے ڈبے کی نذر ہوجاتے ہیں۔

ماہرین کی جانب سے مطالعے کے دوران 40 سے 65 سال کی عمر کے 81 رضاکاروں کو دو گروپوں میں تقسیم کرکے ایک گروپ کو ہول گرین والا کھانا دیا گیا جب کہ دوسرے گروپ کو بغیر چھلکوں والا ’’صاف شدہ‘‘ کھانا کھلایا گیا۔ 8 ہفتوں تک جاری رہنے والے اس مطالعے میں دونوں گروپوں کے افراد روزانہ معمول کی جسمانی سرگرمیوں میں بھی مشغول رہے۔

مطالعے کے اختتام پر معلوم ہوا کہ وہ لوگ جنہوں نے روزانہ مکمل اناج والا کھانا کھایا تھا وہ نہ صرف کھانے کو کم وقت میں اور بہتر طور پر ہضم کررہے تھے بلکہ وہ دوسرے گروپ کی نسبت زیادہ کیلوریز بھی جلارہے تھے۔ سائنسدانوں کے مطابق، ہول گرین کھانے کی بدولت ان میں سے ہر ایک نے روزانہ تقریباً 100 کیلوریز زیادہ جلائیں اور یہ بالکل ایسے تھا جیسے وہ روزانہ 30 منٹ تک پیدل چلے ہوں۔

ان نتائج کی روشنی میں سائنسدانوں کا مشورہ ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے دوسری غذاؤں اور جسمانی مشقت کے ساتھ ساتھ مکمل اناج کا استعمال واقعتاً مفید رہتا ہے اور اسے فروغ دے کر عوامی صحت میں بھی اچھی تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں۔