لاہور (جیوڈیسک) قومی ٹیسٹ ٹیم اور اسلام آباد یونائیٹد کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے دوران فکسنگ کے واقعات سامنے آنا ان کیلئے تکلیف دہ ہے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے پی سی بی اور آئی سی سی کو اقدامات مزید سخت کرنے ہوں گے۔
پاکستانی کرکٹ پر فکسنگ دھبہ لگنے کے بعد مصباح الحق بھی مایوس ہیں۔ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا 2010 کے فکسنگ سکینڈل کے بعد کوشش کی گئی ایسی چیزیں دوبارہ پاکستانی کرکٹ میں نہ ہوں۔ تمام تر کاوشوں کے باوجود یہ واقعہ ہوا جس پر انہیں تکلیف ہوئی ہے۔ وہ کوشش کر رہے ہیں کہ اس واقعے کے اثرات سے نکل کر آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ دو کرکٹرز کی معطلی کے بعد پاکستانی کرکٹرز کو زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ مصباح الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ فکسنگ کے واقعات کی روک تھام کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو مزید سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔