لاہور (جیوڈیسک) شیخ رشید نے پاناما کیس بینچ کے ججز صاحبان کی حفاظت کیلئے انہیں پاک افواج کی سکیورٹی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں سے کسی خیر کی توقع نہیں،یہ پہلے بھی سپر یم کورٹ پر حملہ کر چکے ہیں۔
’وزیر اعظم نوازشر یف کے وکیل مخدوم علی خان کے پانا ما کیس سے الگ ہونے کا امکان ہے ’وزیر اعظم نوازشر یف کیس کی آئندہ سماعت سے پہلے کوئی منفی سر پرائز دے سکتے ہیں ،فیصلہ ہر صورت 15مارچ تک آنے کا یقین ہے۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ نوازشر یف باتیں کچھ کر رہے ہیں مگر انکا ‘‘منصوبہ ’’کچھ اور ہے اور ان کی کوشش ہے کہ موجودہ بینچ کیس کا فیصلہ نہ کرے جس کے لیے سازشیں ہو رہی ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ نواز شریف کے گزشتہ دور حکومت کے دوران میں نے خود وزیراعظم نوا ز شریف کے لیے جھوٹے سروے کرائے اور اب بھی وزیراعظم کی مقبولیت کے سروے جھوٹ کا پلندہ ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہاکہ ڈان لیکس کے معاملے میں اب حکومت طارق فاطمی کو قر بانی کا ‘‘بکرا’’بنانے کا فیصلہ کر چکی ہے۔
انہوں نے کہامیں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ بھارت امریکہ کی گھڑی بنے گا لیکن آج پتہ چلتا ہے کہ دنیا میں کیسی کیسی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔