لاہور (جیوڈیسک) سانحہ لاہور میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید پولیس افسروں کی نماز جنازہ ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں روڈ میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ ، اعلیٰ عسکری قیادت کے علاوہ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ بھی نماز جنازہ میں موجود تھے۔
پولیس اہلکاروں نے گزشتہ رات مال روڈ پر ہونے والے خودکش دھماکے میں جام شہادت نوش کیا تھا ۔ پولیس اہلکار فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن کے عہدے داروں کی جانب سے مال روڈ پر دیئے گئے دھرنے کے موقع پر ڈیوٹی پر موجود تھے اور سڑک کھلوانے کیلئے تنظیم کے عہدے داروں سے مذاکرات کیلئے خاص طور پر آئے تھے۔
نماز جنازہ کے موقع پر کئی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور متعدد افراد آبدیدہ دکھائی دیئے ۔ نماز جنازہ کے بعد پولیس اہلکاروں کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔