کراچی : جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلی شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت سرحد کے اس پار بڑھتی جا رہی ہے، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں میں انڈیا سے جواب طلب کیا جائے اور دنیا کو اس کا گھنائونہ چہرہ دکھایا جائے۔
لاہور میں دھماکہ سے پاکستان کی ساخت خراب کرنے کی کوشش کی گئی تا کہ دنیا بھر سے آنے والے مندوبین اور غیر ملکی افراد پاکستان کا رخ نہ کریں، آنے والوں دنوں میں ای سی او کی سالانہ کانفرنس اور دیگر اہم پروگرامات سے پہلے خودکش دھماکہ پاکستان کو معاشی طور پر اپاہج کرنے کے لئے کیا گیا، سخت ترین رد عمل کے بغیر دشمن ملک اپنی حرکتوں سے باز نہیں آسکتا ہے۔
پاکستان کی ترقی اور پاک چین اقتصادی راہ داری کے منصوبے کی تکمیل سے بھارت بڑی معیشتوں سے پیچھے رہ جائے گا، جس کے لئے وہ جارحیت اور دہشت گردی کرنے پر اتر آیا ہے، نئی سیکرٹری خارجہ سے امید ہے کہ سب سے پہلے کشمیر کاز پر بات کرینگی اور بھارتی جارحیت کو دنیا کے سامنے لائیںگی، تاجر برادری سے مختلف ملاقاتوں میں اظہار خیال کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ لاہور میں حملے میں بھارتی مداخلت واضح ہے مگر اسے ثابت کرکے بھرپور جواب دیا جائے، صوبائی اسمبلی کا علاقہ حساس حیثیت رکھتا ہے۔
کوئی بمبار سیکورٹی اداروں کی نظر سے کیسے بچ گیا؟ آپریشن ضرب عضب کے باجود دہشت گرد اپنی کاروائیوں میں رکاوٹ محسوس نہیں کرتے ہیں، اتنی عمدہ حکمت عملی اندرونی لوگوں کی مدد کے بغیر ناممکن ہے، سینئر پولیس افسران کی شہادت بہت بڑا نقصان ہے، وزیر داخلہ منظر سے غائب کیوں ہیں؟ ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، لاہور دھماکے پر سیاست نہ کی جائے بلکہ مشترکہ کاوش سے امن کی بحالی ممکن بنائی جائے اور دہشت گردو ں کے سہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔
قوم منتظرہے کہ کوئی ماہ بغیر خودکش دھماکے کے گزر جائے، شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ کراچی شہر میں قتل و غارت گری کی نئی لہر نا منظور ہے، صحافی تیمور کے اہل خانہ کے لئے حکومت سندھ امداد کا اعلان کرے اور قاتلوں کو گرفتار کرے، کراچی شہر میںبعض مقامات پر حفاظتی ادارے بھی مجرموں کی سرپرستی میں ملوث ہے۔
اگر شہر میں سیاسی بھرتیاں ختم کردی جائیں تو جرائم میں واضح کمی آسکتی ہے،وائٹ کالر مجرموں کی شناخٹ اور انہیں پکڑنے سے ہی کراچی کا امن مستقل امن میں تبدیل ہوگا، تیمور کی شہادت نجی چینل کے لئے بہت بڑا نقصان ہے، جمعیت علماء پاکستان نجی چینل اور صحافی برادری کے ساتھ ہے۔