اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف پاناما کیس کے حوالے سے ابھی تک کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔
سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے موقع پر عمران خان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ قطری شہزادوں سے دوستی کی قیمت پوری قوم ادا کر رہی ہے۔
جائیداد کی خریداری کے حوالے سے حکومتی بیانات میں جو تضاد پایا جا رہا ہے وہ ان کے جھوٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے، حکومت کا کہنا ہے کہ جائیداد کی خرید و فروخت کا معاہدہ ایک ماہ پہلے ہوچکا تھا لیکن اس کا سٹامپ پیپر مارچ میں خریدا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ میں نے 1980 کی دہائی بیرون ملک جو بھی جائیداد خریدی اور بیچی اس کا مکمل ریکارڈ موجود ہے ، عمران خان نے کہا کہ جب تک نواز شریف وزیر اعظم کی کرسی پر فائز ہیں ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوسکتی۔
وزیر اعظم کبھی این آر او اور کبھی میثاق جمہوریت کا سہارا لے کر بچ جاتے ہیں لیکن اسحاق ڈار کا اعترافی بیان ان کی کرپشن کو ثابت کرنے کیلئے کافی ہے۔