لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے مال روڈ پر خودکش دھماکہ کرنے والے بمبار کا خاکہ تیار ہو گیا ہے۔ خاکہ سی سی ٹی وی فوٹیج، عینی شاہدین اور زخمیوں کے بیانات کی روشنی میں تیار کیا گیا۔ خاکہ انسداد دہشت گردی فورس کی جانب سے جاری کیا گیا۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کا تعلق کالعدم جماعت الاحرار سے تھا۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کا حکم دے دیا۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی محمد اقبال خان جے آئی ٹی کے سربراہ مقرر کر دیئے گئے جبکہ کمیٹی میں آئی ایس آئی، انٹیلی جنس بیورو، سی ٹی ڈی اور سی آئی اے پولیس کے نمائندے ہیں شامل۔ حساس اداروں نے مال روڈ خودکش دھماکے میں ملوث ایک سہولت کار کو سکھر سے گرفتار کر لیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک اور سہولت کار بھی منظر عام پر آ گیا جبکہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے نیلے لباس میں ملبوس مذکورہ سہولت کار کی تلاش جاری ہے۔