نوکیا موبائل فونز کے دیوانوں کیلئے ایک بڑی دلچسپ اور زبردست خبر ہے کہ اب ان کا پسندیدہ موبائل فون نوکیا 3310 دوبارہ تیار ہونے جا رہا ہے۔ فن لینڈ کی مینوفیکچر کمپنی ایچ ایم ڈی نے اس مشہور موبائل کو دوبارہ سے ری لانچ کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جسے جلد ہی ورلڈ موبائل کانگرس میں پیش کرنے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔
سمارٹ فونز سے متعلق بریکنگ خبروں کیلئے اتھارٹی تسلیم کیے جانے والے جرنسلٹ ایوان بلاس نے اس بات کی تصدیق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فن لینڈ کی کمپنی نوکیا کی چار ڈیوائسز کو بارسلونا میں ہونے والے میگا ایونٹ میں سامنے لانے کیلئے کام کر رہی ہے۔
ان ڈیوائسز میں نوکیا 6 بھی ہے جسے صرف چینی صارفین کیلئے ہی پیش کیا گیا تھا جبکہ دیگر میں نوکیا 3 اور نوکیا 5 شامل ہیں۔ تاہم جس خبر نے تمام دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے وہ نوکیا 3310 کی ری لانچنگ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی کی جانب سے نوکیا 3310 کا نیا ورژن صارفین کے سامنے لایا جائے گا۔ جس کی قیمت 60 ڈالرز سے کم ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ ایچ ایم ڈی نے گزشتہ سال مئی میں نوکیا برانڈ کے مینو فیکچرز رائٹ حاصل کیے تھے اور صرف چین میں ہی اپنا پہلا پراڈکٹ نوکیا 6 لانچ کیا تھا جس نے فروخت کے ریکارڈ توڑ دیے تھے۔