برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے پاکستان میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔
برسلز سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیاہے کہ کشمیرکے عوام جنہیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامناہے، پاکستان اور دنیاکے دیگر خطوں میں دہشت گردی کا شکارہونے والوں کے لواحقین اورعزیزوں کے غم وتکالیف کو سمجھتے ہیں۔
علی رضاسید نے مزید کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے کیونکہ بھارت چاہتاہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کرواکے دنیاکی توجہ مقبوضہ کشمیرمیں قابض افواج کی ریاستی دہشت گردی سے ہٹ جائے۔انھوں نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی کردار کسی سے پوشیدہ نہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ تین دنوں کے دوران کراچی، لاہور، پشاور، مہمند اجنسی اور مظفرآباد میں دہشت گردی کے واقعات میں متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں اورزخمی ہوئے۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے دہشت گردی کا شکار ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیااور کہاکہ ہم مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔علی رضاسید نے کہاکہ دہشت گردی کسی بھی صورت میں قابل تحمل اورقابل قبول نہیں۔
دہشت گردی انسانی احساسات، انسانی احترام اور انسانی اقدار، تحمل، برداشت اور آزادی پر حملہ ہے۔ دہشت گرد کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔
اتحاد و اتفاق ہی سے دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ ہمارا فرض ہے کہ انسانیت، محبت اورامن کے پیغام کو عام کریں۔