شارجہ (جیوڈیسک) شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان کمارسنگارا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سیم بلنگز اور ڈوائن سمتھ میدان میں اترے تاہم جلد ہی بلنگز ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ عماد وسیم نے پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر ان کی وکٹ لی۔ سیم بلنگز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ ٹیم کا سکور ابھی 10 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ بریڈ ہیڈن بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ عماد وسیم نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ لیا۔ بریڈ ہیڈن نے صرف 6 رنز بنائے۔ 32 رنز کے سکور پر شنواری نے سمتھ کا کیچ ڈراپ کرکے ایک اہم وکٹ گنوا دی۔
اس کے بعد میچ ابھی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہی ہوا تھا کہ اچانک بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے کچھ دیر کیلئے میچ کو روکنا پڑا۔ بارش تھمنے کے بعد میچ کا دوبارہ آغاز ہوا تاہم میچ کو 13 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کا سکور 49 تک پہنچا تو ڈوائن سمتھ بھی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
اسامہ میر کی گیند پر وکٹ کیپر کمار سنگاکارا نے ان کا کیچ لیا۔ اس کے بعد آٹھ اعشاریہ پانچ اوورز میں یونائیٹڈ نے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔