کراچی : بلدیہ کورنگی کی جانب سے 100 روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت ضلع کورنگی کی ماڈل یوسیز گلیاں، ماڈل کچرا کنڈیوں، فیملی پارکوں، کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹس کی تعمیر و ترقی کا کام تیزی کے ساتھ جاری ہے وہیں بلدیہ کورنگی اپنے زیر انتظام اسکولوں، ہسپتالوں اور طبی مراکز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے ضلع کورنگی میں تعلیمی اصلاحات کے ساتھ عوام سستی اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے جدوجہد میں مصروف ہے۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا کہ عوام کو بلدیاتی مسائل سے نجات دلا نے کے ساتھ ضلع کورنگی میں اپنے اسکولوں، ہسپتالوں اور طبی مراکز کو فعال بنا رہے ہیں۔
ہسپتالوں اور طبی مراکز اور اسکولوں میں ڈاکٹر، اساتذہ اور اسٹاف کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے اسے فعال بنا نے میں مشکلات در پیش ہیں مگر عوامی خدمت کے سچے جذبے کے ساتھ اس کی فعالیت اور عوام کو سہولت کی فراہمی کے لئے اپنی کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے ضلع کورنگی کی ماڈل یوسیز میں 100 روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت ہسپتالوں، میٹرنٹی ہومز اور ڈسپنریوں پر جاری تعمیر و ترقی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا چیئر مین سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ افسران خصوصاً میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ طبی مراکز پر جاری تعمیر و ترقی کے کاموں کو جلد ازجلد مکمل کر کے اسے فعال بنایا جائے تا کہ عوام استفادہ حاصل کر سکیں۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہا کہ ضلع کورنگی کے تمام طبی مراکز کو فعال اور اس میں عوام کے لئے تمام تر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا کر اسے جدید تقاضوں سے ہم اہنگ کیا جائے گا۔
بعد ازاں مختلف علاقوں میں صفائی و ستھرائی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے چیئرمین نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی محکمہ سنی ٹیشن آفسران کو ہدایت کی کہ ضلع کورنگی کی تمام یوسیز میں صفائی و ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے کچرا کنڈیوں سے کچرے کی منتقلی کو روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنا نے کے ساتھ ساتھ علاقائی سطح پر عوام کو درپیش بلدیاتی مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے۔