کراچی (جیوڈیسک) صنعتی ترقی تین سال کی بلند ترین سطح کو چھو گئی۔ دسمبر 2016 میں صنعتی ترقی کی شرح 7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
صنعتوں کا پہیہ ایک بار پھر تیزی سے گھومنے لگا اور صنعتی ترقی کی شرح تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق دسمبر 2016 میں بڑی صنعتوں میں ترقی کی شرح 7 فیصد ریکار ڈ کی گئی جو دسمبر 2014 میں اعشاریہ 85 اور دسمبر 2015 میں 2 اعشاریہ 4 فیصد تھی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت اپنے وعدے کے مطابق بجلی کی پیداوار میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے اور صنعتوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
دوسری جانب شرح سود اس وقت 40 سال کی کم ترین سطح پر موجود ہے۔ ان دونوں وجوہات کی باعث صنعتی ترقی کی شرح میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔