شیخوپورہ : خواتین کو زیادہ سے زیادہ دور جدید سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ہنر مند خواتین کو معاشرے کا ایک کار آمد فرد بناناہمارہ نصب العین ہے۔
پروفیشنل طور پر ایسی خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی جو اپنے شعبے میں کچھ کر گزرنے کا عزم رکھتی ہیں انہیں کاروبار میں خود کفیل بنانے کے لئے آسان شرائط پر قرضوں کی سہولت دینے کے ساتھ ساتھ جدید ٹریننگ بھی دی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن ) کی جنرل سیکریٹری پروفیشنل ونگ محترمہ سعدیہ تیمور نے جناح پارک شیخوپورہ میں صلہ بیوٹی سیلوں کی پر وقار افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیوٹیشن خواتین کو دور جدید کے مطابق کاسمیٹکس کی فراہمی،ذاتی بیوٹی پارلر یا سیلون بنانے کے لئے ہنر مند خواتین کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور اس شعبے سے منسلک خواتین کو جدید ٹریننگ سے آراستہ کرنے کے لئے جلد ہی لاہور میں ٹریننگ ورکشاپس کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کے بیوٹی پارلر زاور بیوٹی سیلون کو رجسٹرڈ کرنے کا بھی جلد سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے تا کہ انکے حقوق اور تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر بابائے صحافت الطاف قادر بھٹی ،سینئر صحافی اور کالم نویس حامد قاضی ،محمد سہیل عاشق،اسسٹنٹ ڈائرکٹر لوکل گورنمنٹ شیخ عبدالمجید، میاں نذیر احمد ،شہلا رضوی اور مریم اعجاز بھی موجود تھے۔