لاہور : نوجوان کالم نگاروں کی ملک گیر تنظیم ”پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ” (پی ایف یو سی) کے چیئرمین شہزاد چوہدری ، صدر فرخ شہباز وڑائچ ‘جنرل سیکریٹری محمد نورالہدیٰ ‘چیئرپرسن وومن ونگ بشریٰ اعجاز’ صدر وومن ونگ ڈاکٹرعارفہ صبح خان اور دیگر عہدیداروں نے پاک فوج کی جانب سے ”آپریشن رد الفساد” کے آغاز کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے وقت کی شدید ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کے قاتلوں کے خلاف حتمی اقدامات اٹھانا بہت ضروری ہوچکا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نے بہت سے اہم دہشتگردوں کا صفایا کیا اور اب آپریشن رد الفساد کے نتیجے میں بچے کھچے ناسوروں کا بھی صفایا ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایف یو سی قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ اپنا قلمی تعاون جاری رکھے گی ۔ پی ایف یو سی کے عہدیداروں نے بھارت اور افغانستان کی پاکستان سے منسلک سرحدوں سمیت پاکستان آنے کے تمام راستے مستقل سیل کرنے اور کسی بھی راستے سے بھارتی اور افغانی قومیت کے حامل افراد کے پاکستان آنے پر مکمل پابندی لگانے اور بھارتی و افغانی سفراء کو ملک بدر کرکے دونوں ممالک سے مکمل لاتعلقی اختیار کرنے کا بھی مطالبہ دہرایا ہے۔ جاری کردہ محمد نورالہدیٰ (جنرل سیکرٹری ، پی ایف یو سی)