کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر شمیم ممتاز نے کہا کہ تابناک مستقبل کے لئے تعلیم کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عوام کو بنیادی صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے سندھ حکومت جدو جہد کررہی ہے ،دہشت گردی اور لاقانونیت ہمارے معاشرے کا ناسور بن کر عوامی خوشحالی اور خوشحال معاشرے کے قیام میں رکاوٹ بن چکا ہے اس پر آزوب دور میں معاشرے میں سدھار لانے اور عوامی خوشحالی کے لئے خدمات انجام دینے والے افراد اور ادرے جدو جہد کررہے وہ نہ صرف قابل تحسین بلکہ دوسروں کے لئے قابل تقلید ہیں۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر شمیم ممتاز نے حکومت سندھ ،61ونگ عبداللہ شاہ غازی رینجرز اور SSPویسٹ کی جانب سے تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور قیام امن کے لئے کاوشوں پر پیس ایمبیسڈر ویلفیئر آرگنائزیشن کو امن ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے 61ونگ عبداللہ شاہ غازی سندھ رینجرز کے سیکنڈ ان ونگ کمانڈر عنایت اللہ درانی اور SSPپیر محمد شاہ نے بھی خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عنایت اللہ درانی نے کہاکہ عوامی خدمت ،ملک کا نام روشن اور قیام امن کے لئے جد وجہد کرنے والے افراد معاشرے کے ماتھے کا جھومر ہیں انہوں نے کہاکہ امن سب کی خواہش ہے اس کے لئے سب کو متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگا ۔SSPپیر محمد شاہ نے کہاکہ نوجوانوں میں قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کا شعور دینا قابل تحسین ہے انہوں نے پیس ایمبیسڈر کے ذمہ دران کو مبارکباد پیش کیا ۔تقریب کے اختتام پر پیس ایمبیسڈر ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے ڈاکٹر محمد زادہ اور ڈاکٹر مسکین نے امن ایوارڈ وصول کیا۔