لاہور (جیوڈیسک) ڈیفنس کے علاقے زیڈ بلاک میں دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ، دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں ، دھماکے کی آواز سن کر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ بمبئے چپاتی ریسٹورنٹ کے ساتھ واقع ایک خالی پلازے میں کیا گیا ، دھماکے کی زد میں آ کر 8 افراد موت کی آغوش میں چلے گئے جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہیں ۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ دھماکے کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ اس میں بمبئے چپاتی ریسٹورنٹ کو نشانہ بنایا گیا ، دھماکے کے بعد آرمی ، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کے جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
دھماکے سے ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دھماکہ اسی گاڑی میں کیا گیا ہے ، ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل وائے بلاک میں بھی دھماکے اور دہشتگردی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا اور اس علاقے کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا تھا۔
اس علاقے میں کھانے پینے اور چائے کے ریسٹورنٹس کی بڑی تعداد موجود ہے جہاں پر ان اوقات میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔
دھماکے کے بعد ڈیفنس اور لاہور کے دیگر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں فوری طور پر ہسپتالوں میں طلب کر لیا گیا ۔ دھماکے کے نتیجے میں 4 عمارتوں کو بھی شدید نقصان ہوا۔