فرانس، گلیانہ (زاہد مصطفی اعوان) دہشت گردی ، انتہاء پسندی کو ہر صورت شکست دینی ہو گی ۔ آپریشن رد الفساد کی پوری قوم حمایت کرتی ہے ۔ علماء ، مدارس ، مساجد کے ذمہ داران فساد کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
فوجی عدالتوں کے قیام میں تاخیر قوم کو قبول نہیں اگر جمہوری معاشروں میں فوجی عدالتیں نہیں ہوتیں تو وہاں پر مجرم ہیرو بھی نہیں بنائے جاتے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے گلیانہ میں پیر ظہورالامین ہاشمی کی رہائش گاہ پہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب میں کہی۔
اس موقع پر مولانا محمد عمر عثمانی ،مقامی چیئرمین ڈاکٹرمحمد عباس چوہدری ،وائس چیئرمین سلیمان امین ہاشمی ،صدر پاک پریس کلب فرانس زاہد مصطفی اعوان ۔روزنامہ دنیا گلیانہ محسن ضیاء اعوان ۔عمر فاروق اعوان ،شفقت بٹ ،مدثر اعوان ،غفور مرزا۔ چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب گجرات عزیزالرحمن مجاہد، پاسبان فورم کے وحید نذیر اورمیڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قرآن کریم کسی ایک انسان کے قتل یا زمین پر فساد پھیلانے کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے ۔ قاتلوں اور فساد پھیلانے والوں کیلئے شریعت اسلامیہ کا حکم ایک ہی ہے ۔ لہذا افواج پاکستان کی طرف سے آپریشن رد الفساد کا اعلان پاکستان کی بقاء اور سلامتی کیلئے ایک بہتر قدم ہے اور آپریشن رد الفساد کی کامیابی قوم کی بقاء اور سلامتی کیلئے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو خارجہ اور داخلہ امور پر اپنی پالیسی تبدیلی کرنی ہو گی ۔ ہندوستان اور افغانستان کے ساتھ ان ہی کی زبان میں بات کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپہ سالار قوم کی طرف سے پاکستان کی سر زمین کو کسی کے خلاف نہ استعمال کرنے دینے کا عزم اور پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا واضح اعلان پاکستان کے دوستوں اور دشمنوں کو سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف عسکری محاذ کے ساتھ ساتھ فکری محاذ کا قیام بھی ضروری ہے اور پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد کا یہ حصہ ہے۔پاکستان علماء کونسل ملک میں امن و امان کے قیام ، انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ 12 اپریل کو دوسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس اسلام آباد میں ہو گی۔انتہاء پسندی ،د ہشت گردی ، فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف عالمی فکری اتحاد کے قیام کے بارے میں اہم فیصلہ کیا جائے گا۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے ہمیشہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور پاکستان علماء کونسل کے تحت ملک بھر میں ہونے والے اجتماعات ، تربیتی نشستیں ، سیمینارز اور کانفرنسیں ملک کے اندر انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی سوچ کے خاتمے میں معاون و مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت 12 اپریل کو اسلام آباد کنونشن سنٹر میں دوسری عالمی پیغام اسلام کانفرنس منعقد ہو گی جس میں امام کعبہ ، قاضی القضات فلسطین ، وزیر اوقاف کویت و قطر اور شیخ الازہر کے نمائندے اور عالم اسلام کے دیگر ممالک سے اہم قائدین شریک ہوں گے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف پوری قوم کو یکجا ء ہونا ہو گا اور متحد ہو کر دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو شکست دینی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے کارکنان پیغام اسلام کانفرنس کیلئے سربکف ہو جائیں ۔ پیغام اسلام کانفرنس میں ملک بھر سے پانچ ہزار سے زائد علماء و مشائخ شریک ہوں گے اس سے قبل وہ علامہ عمر عثمانی کی رہائش گاہ پہ ان کے والد محترم کی تعزیت کے لئے گئے جبکہ مدنی جامع مسجد میں خطبہ جمع بھی دیا۔