کراچی (اسٹاف رپورٹر) بارہواں آل پاکستان سپر ایٹ لیگ سسٹم شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل الفرید کلب ساہیوال پنجاب کی ٹیم نے اپنے نام کرلیا۔
فائنل مقابلہ الفرید شوٹنگ بال کلب اور العثمان شوٹنگ بال کلب اوکاڑہ کے مابین کھیلا گیا ۔اس سے قبل کھیلے گئے سیمی فائنل معرکہ میں العثمان شوٹنگ بال کلب اوکاڑہ نے بخاری شوٹنگ بال کلب حیدر آباد سندھ کی ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-0سے شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔
جبکہ دوسرے سیمی فائنل معرکہ میں الفرید شوٹنگ بال کلب ساہیوال نے العثمان شوٹنگ بال کلب لاہور کی ٹیم کو سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1سے مات دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز ھاصل کیا ۔فائنل مقابلے میں الفرید شوٹنگ بال کلب ساہیوال نے العثمان گیلانی شوٹنگ بال کلب اوکاڑہ کو باآسانی 2-0سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
فاتح ٹیم کی جانب سے علی عباس عرف پنو ،مقدس عباس ،عبدالحمید اور فخر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو فتح دلا نے میں نمایاں کردار ادا کیا جبکہ رنر ٹیم کے اشفاق عرف شاکا ،شاہد اور محسن نے بہتری کھیل پیش کیا مگر اپنی ٹیم کو فتح دلا نے میں مکمل ناکام نظر آئے۔
فائنل مقابلے کے اختتام پر تقسیم انعامات کی شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں رکن صوبائی اسمبلی پنجاب چودھری مشتاق احمد نے فاتح ٹیم الفرید شوٹنگ بال کلب ساہیوال کے کپتان عبدالحمید کو ونر ٹرافی اور 30ہزار کا کیش انعام ،رنر اپ ٹیم العثمان شوٹنگ بال کلب اوکاڑہ کے کپتان قاری محمد رفیق کو رنر ٹرافی 20ہزار کیش انعام جبکہ ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی بخاری شوٹنگ بال کلب حیدر آباد سندھ کی ٹیم کے کپتان عبدالحکیم بوزدار کو تیسری پوزیشن کی ٹرافی اور 10ہزار روپے کیش انعام پیش کیا۔
جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ الفرید شوٹنگ بال کلب کے علی عباس عرف پنو کو قرار دیا گیا فائنل میچ کو چودھری وسیم، عباس منڈ اور ذوالفقار جوہیہ نے سپر وائز کیا۔ جاری کردہ : میڈیا کوارڈینٹر