پانامہ کی لولی لنگڑی بیساکھیوں کے ذریعے اقتدار پر قبضے کے خواب جلد ڈھیر ہونے والے ہیں۔ شہزاد شریف خان

Lahore

Lahore

لاہور : مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے شکایت سیل شہزاد شریف خان نے کہا ہے کہ پانامہ کی لولی لنگڑی بیساکھیوں کے ذریعے اقتدار پر قبضے کے خواب جلد ڈھیر ہونے والے ہیں۔

ملک کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ روکنے کی کوششیں ناکامی کا سامنا کریں گی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) ماضی کی سازشوں کی طرح اس بار کی سازشوں سے بھی سرخرو ہو کر نکلے گی. پاکستان مسلم لیگ(ن) اللہ کے بعد ملک کے عدالتی نظام پر یقین رکھتی ہے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کروڑوں کارکن اور ہمدرد اس بات کی امید رکھتے ہیں کہ عدالت عظمی کے فیصلے اخباری تراشوں کی بجائے آئین اور قانون کا راستہ اپنائیں گے۔

پاکستانی قوم نے سال بھر سے جاری تحریک انصاف کے جھوٹ کا ڈرامہ دیکھ لیا ہے اور ہر پاکستانی اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ تحریک انصاف کا نشانہ کرپشن کی بجائے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت ہے تاکہ سیاسی مقابلہ کئے بغیر ہی اقتدار پر قبضے کی راہ ہموار کی جا سکے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عدالت عظمی کی دہلیز پر کھڑے ہوکر جھوٹ اور الزامات کے پہاڑ کھڑے کرنے والوں کی سیاست انجام کے قریب پہنچ چکی ہے قوم بہت جلد الزامات اور جھوٹ کی سیاست کے علمبرداروں اور پیروکاروں سے نجات حاصل کرلے گی۔

تحریک انصاف نے بیس کروڑ پاکستانیوں کو گذشتہ تین سالوں سے ہیجان میں مبتلا کر رکھا تھا جس کا نتیجہ ان کی منشا کے خلاف ہی آیا ہے اور مستقبل میں بھی آئے گا. پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں جس تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اسے روکنے کی ہر کوشش کا بھرپور سیاسی مقابلہ کیا جائے گا اور پاکستان کو ایک صحت مند اور مثبت سیاسی نظام دے کر پاکستان مسلم لیگ(ن) قائد اعظم محمد علی جناح کی تعلیمات کو عملی جامہ پہنائے گی۔

ہم نہ صرف ملک کی سیاست کو جھوٹ اور گالی گلوچ کے کلچر سے پاک کریں گے بلکہ ملک سے جرائم، دہشت گردوں اور لاقانونیت کا خاتمہ کر کے ریاست کو مثالی پر امن ملک بھی بنائے گے۔