لاہور (جیوڈیسک) پشاور زلمی کی ٹیم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ٹو) کا فائنل میچ جیت لیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو جیت کیلئے 149 رنز کا ٹارگٹ ملا تاہم پوری ٹیم صرف 90 رنز ہی بنا سکی۔ زلمی کے باؤلرز نے گلیڈی ایٹرز کے کسی کھلاڑی کو کھل کر کھیلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔
محمد اصغر کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے صرف 16 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر باؤلرز میں حسن علی اور وہاب ریاض نے 2، 2 جبکہ محمد حفیظ اور جورڈن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ٹو) کے فائنل میچ میں 149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے مورنی اور احمد شہزاد میدان میں اترے، تاہم گلیڈی ایٹرز کو ابتداء میں ہی وکٹ گنوانا پڑ گئی جب مورنی رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔ حسن علی کی ڈائریکٹ تھرو نے انھیں واپس پویلین پہنچا دیا۔ تیسرے اوور میں پشاور زلمی کو وکٹ حاصل کرنے کا ایک اور موقع ملا لیکن کپتان ڈیرن سیمی نے انعام الحق کا کیچ چھوڑ کر اسے گنوا دیا۔ اس وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سکور صرف چار رنز تھا۔ تاہم اس سے اگلے ہی اوور میں انعام الحق ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد اصغر کی گیند پر جورڈن نے باؤنڈری کے انتہائی قریب ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ گلیڈی ایٹرز کی تیسری وکٹ 13 رنز کے سکور پر گری جب احمد شہزاد بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ احمد شہزاد نے صرف ایک رن بنایا۔
اس کے بعد آؤٹ ہونے کی باری گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کی تھی جو محمد حفیظ کی گیند پر باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ سرفراز احمد نے 22 رنز بنائے۔ چوتھی وکٹ کے نقصان پر گلیڈی ایٹرز کا سکور 29 رنز تھا۔ اس کے بعد گیند فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کے ہاتھوں میں آئی جنہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں سعد نسیم کی وکٹ حاصل کر لی۔ سعد نسیم نے صرف چار رنز بنائے اور افتخار احمد نے ان کا کیچ پکڑا۔ پانچویں وکٹ کے نقصان پر گلیڈی ایٹرز کا سکور صرف 37 رنز تھا۔
گلیڈی ایٹرز نے دسویں اوور میں نصف سینچری مکمل کی۔ محمد اصغر نے اپنے آخری اوور میں پشاور زلمی کو چھٹی اور ساتویں کامیابی دلوائی۔ پہلے انہوں نے شان ارون کو بولڈ کر کے واپس بھیجا اور اس کے بعد محمد نواز کو بھی سٹمپ آؤٹ کرا دیا۔ چھٹی اور ساتویں وکٹ کے نقصان پر گلیڈی ایٹرز کا سکور 72 رنز تھا۔ گلیڈی ایٹرز کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی انور علی تھے جنہوں نے 20 رنز بنائے۔ کرس جورڈن کی گیند پر افتخار احمد نے ان کا کیچ لیا۔ گلیڈی ایٹرز کو 9واں نقصان 88 رنز پر اٹھانا پڑا جب حسان خان بھی کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وہاب ریاض کی گیند پر کپتان ڈیرن سیمی نے ان کا کیچ لیا۔ گلیڈی ایٹرز کی آخری وکٹ حسن علی کے حصے میں آئی۔ انہوں نے ذوالفقار بابر کو آؤٹ کیا جنہوں نے صرف ایک رن بنایا۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور ڈیوڈ ملان میدان میں اترے۔ دونوں کھلاڑیوں نے پراعتماد طریقے سے بلے بازی کا مظاہرہ کیا تاہم ٹیم کا سکور ابھی 42 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ ڈیوڈ ملان بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ ملان نے ایک چھکے اور چوکے کی مدد سے صرف 17 رنز بنائے۔ ریاد ایمرت نے انھیں بولڈ کرکے واپسی کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم نے پانچ اعشاریہ پانچ اوورز میں اپنی پہلی نصف سینچری مکمل کی۔
کامران اکمل اور مارلن سیموئلز نے محتاط انداز سے بلے بازی جاری رکھی اور سکور کو بڑھایا، تاہم دونوں بلے بازوں نے میچ کے دسویں اوور میں جارحانہ کھیل کا آغاز کرکے میدان میں بیٹھے شائقین کرکٹ کے دلوں کو گرما دیا لیکن دسویں اوور کی آخری گیند پر کامران اکمل سوئپ شارٹ کھیلنے کی کوشش میں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ انہوں نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ وکٹ حسن علی کے حصے میں آئی۔ دوسری وکٹ کے نقصان پر پشاور زلمی کا سکور 82 رنز تھا۔ اس کے بعد محمد نواز نے اگلے ہی اوور میں مارلن سیموئلز کو بھی بولڈ کر کے چلتا کیا۔
سیموئلز نے 19 رنز بنائے۔ سکور ابھی 85 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ پشاور زلمی کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑ گیا، جب حسان خان کی خوبصورت گیند پر باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں خوش دل خان سٹمپ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ گلیڈی ایٹرز کے گیند بازوں نے پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم نہ کیا۔ پشاور زلمی کی ٹیم نے چودھویں اوور کے اختتام پر سات اعشاریہ اکیس کی اوسط سے سینچری مکمل کی۔ اس کے بعد سکور ابھی 112 رنز پر ہی پہنچا تو پشاور زلمی کی پانچویں اور چھٹی وکٹ بھی گر گئی۔ ریاد ایمرت نے لگاتار دو گیندوں پر محمد حفیظ اور افتخار احمد کی وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حفیظ نے 12 جبکہ افتخار احمد نے 14 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے آخری دو اوورز میں جارحانہ بلے بازی شروع کرتے ہوئے میچ کو انتہائی دلچسپ بنا دیا۔ ڈیرن سیمی کے چھکوں اور چوکوں نے شائقین کرکٹ کو خوب لطف اندوز کیا۔ پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ریاد المرت 3 وکٹیں حاصل کر کے کامیاب باؤلر رہے۔ دیگر گیند بازوں میں حسان خان 2 جبکہ محمد نواز نے صرف ایک وکٹ حاصل کی۔