تحریر : رانا اعجاز حسین گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان کی زیر صدارت سیاسی و عسکری قیادت کے اعلی سطحی اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کی تمام اقسام کیخلاف جنگ کو ریاست کی تمام تر قوت کے ساتھ جاری رکھا جائیگا۔ محفوظ، پرامن اور مستحکم پاکستان کے اجتماعی مقصد کے حصول کیلئے اس راہ کے تمام کانٹے ہٹا دئیے جائیں گے۔ اجلاس میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزراء ، مشیر خارجہ و ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی شرکت کی۔ جبکہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی اس عزم کا اظہار کرچکے ہیں کہ آپریشن ردالفساد کے ذریعے ملک سے تمام فسادیوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، مسلح افواج کا داخلی سلامتی میں اہم ترین کردار ہے، آپریشن ردا لفسادکے ذریعے ملک میں حالات معمول پر لائے جائیں گے۔” بلاشبہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی، ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے پوری پاکستانی قوم بہادر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،اور ملک سے دہشت گردی کی جڑوں کو ختم کرنے کے لئے شروع کئے گئے آپریشن رد الفساد کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔
ملک دشمن عناصر نے دہشت گردی کی بہیمانہ وارداتوں میں معصوم شہریوں کا قتل عام کرکے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں ہمیشہ رخنہ ڈالا، اور ملک کو معاشی و اقتصادی ترقی میں پھلنے پھولنے کا موقع نہ دیا جس پر افواج پاکستان سیاسی و عسکری قیادت کی مشادرت سے دہشت گردوں کے خلاف کئی بڑے آپریشن کرچکی ہے، جن میں آپریشن ضرب عضب ، نیشنل ایکشن پلان ، آپریشن راہ راست، آپریشن المیزان، راہِ حق اورآپریشن راہِ نجات قابل ذکر ہیں۔ ان تمام آپریشنز میں سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کیخلاف یقینا نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں، نوے فیصد سے زائد دہشت گردوں کا قلع قمع ہوا ، اور غیرملکیوں سمیت دہشت گرد تنظیموں کے متعدد اہم کمانڈرز ان آپریشنز میں مارے گئے، جبکہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوئے۔ان آپریشنز میں پاک فوج کے جوانوں افسران اور سول شہریوں نے جام شہادت نوش کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی غیرمعمولی فعالیت اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت ترین کاروائی کے بیانات سے جہاں پوری قوم کا حوصلہ بلند ہوا وہیں پاک فوج کا مورال بھی بلند ہوا ہے، آپریشن رد الفساد کے ذریعے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے سیکورٹی فورسز، رینجرز اور مسلح افواج کی دلیری اور شجاعت قابل دید ہے۔
لاہور دہشت گردی میں سینکڑوں معصوم لوگوں کی ہلاکت ، اور سہون شریف میںحضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر بم دھماکے میں نوے مردو خواتین اور بچوں کی شہادت کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن رد الفساد کے ذریعے دہشت گردوں کیخلاف ایسی کاری ضرب لگائی کہ انہیں ان کی پناہ گاہوں میں جاپکڑا، اورپاک سرزمین پر فساد پھیلانے والے تمام افراد تنظیموں اور ان کے ملکی و غیر ملکی سہولت کاروں کو تہس نہس کر دیا، دہشت گردوں کو ایسے کسی آپریشن کی توقع نہیں تھی۔ دہشت گردی کی ان وارداتوں کے فوراً بعد پاکستان میںدرجنوں دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا گیا اور افغانستان کی سرحد کے پاس ان کے ٹھکانوں پر ایسی ضرب لگائی گئی کہ ان کے سینکڑوں کارندے جہنم واصل ہوئے۔ آج آپریشن رد الفساد پوری کامیابی سے جاری و ساری ہے یہ آپریشن بلا امتیاز پاکستان کے تمام طول و ارض میں کیا جائے گا۔ رینجرز سندھ اور بلوچستان کی سرحد پر دہشت گردوں کیخلاف مصروف عمل ہیں، رینجرز کیلئے پنجاب کو شجر ممنوعہ سمجھا جاتا تھا لیکن اب 60دن کیلئے پنجاب کے طول و ارض میں آپریشن شروع ہوچکا ہے۔ بہاولپور میں انٹیلی جنس بنیادوں پر بڑی کارروائی کے نتیجے میں اسلحے کے انبار پکڑے جاچکے ہیں۔پنجاب میں جیسے جیسے رینجرز کی کامیابی بڑھے گی اختیارات بھی خود بخود بڑھتے چلے جائیں گے۔ گزشتہ دنوں ڈائریکٹرجنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے دہشت گردوں کو بے نقاب کرتے ہوئے واضع کیا کہ پاکستان کی سرزمین کسی طور پر بھی افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہوتی جبکہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے۔
افغانستان میں بیٹھے دہشت گردوں کو” را” سمیت ملک دشمن ایجنسیوں کی مدد حاصل ہے۔ افغانستان کے ساتھ بارڈر میکنزم بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ بند کی گئی سرحد کھولنے کیلئے افغانستان کو بارڈر پر کچھ اقدامات کرنا ہوں گے۔ پاک فوج کے ترجمان نے واضع کیا کہ پاکستان میں بلا تفریق دہشتگردوں کے خلاف کاروئیاں کی جا رہی ہیں جو کسی خاص صوبے کے افراد کے خلاف نہیں ، دہشت گرد وں کا کوئی مذہب اور صوبہ نہیں ہوتا ،ردالفساد آپریشن کے نام میں ہی پیغام ہے کہ ہم نے فسادی لوگوں کو رد کرنا ہے اور پاکستان میں امن و استحکام کو واپس لانا ہے۔ ردالفساد ملک میں فساد پھیلانے والوں کیخلاف ہے، اس آپریشن میں سہولت کاروں کو ختم کرنا ، فسادیوں کو پاکستان سے باہر نکال کر پھینکنا، اور ملک کو غیرقانونی اسلحہ سے پاک کرنا ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ردالفساد کی کوئی ٹائم لائن نہیں اور یہ آپریشن صرف فوج کا نہیںبلکہ سب نے مل کر کرنا ہے۔ ” آپریشن رد الفساد میں بڑے پیمانے پر کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں۔
گزشتہ روز نٹیلی جنس بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف کئے گئے سرچ آپریشن میں متعدد غیرملکیوں سمیت دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیاہے، اسی طرح گھر گھر تلاشی کے دوران ہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ، ایس ایم جیز، ایل ایم جیز، بلٹ پروف جیکٹس، تین سٹائپر رائفلیں، جی تھری اور مختلف اقسام کے چھوٹے بڑے ہتھیار برآمدکئے گئے ہیں۔ آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ پائی خیل بنوں میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ خاور اور نائیک شہزادنے جام شہادت نوش کیا ۔بلاشبہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری پاکستانی قوم پاک فوج اور مسلح سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے جو ہمارے محفوظ کل کے لیے اپنا آج قربان کررہے ہیں، پاک فوج کی قربانیاں رنگ لارہی ہیں وہ دن دور نہیں جب ملک بھر سے امن کا سورج طلوع ہوگا۔ پوری قوم کو پاک فوج کی بہادر قیادت پر فخر ہے ۔ہماری اللہ ربّ العزت سے دعا ہے کہ پاکستان سے جلد دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ہو،تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔
RANA AIJAZ HUSSAIN
تحریر : رانا اعجاز حسین ای میل:ra03009230033@gmail.com رابطہ نمبر:03009230033