جاپان میں ہوکائیڈو یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ہائیڈروجل پر مشتمل ایک ایسا ہلکا پھلکا کپڑا تیار کیا ہے جو نہ صرف بے حد لچکدار ہے بلکہ فولاد سے 5 گنا زیادہ مضبوط بھی ہے۔
یہ کپڑا جسے ایف آر ایس سی یعنی ’’فائبر ری انفورسڈ سافٹ کمپوزٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے ، پانی سے بھرپور ہائیڈروجل اور گلاس فائبر فیبرک کو منفرد انداز میں یکجا کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
اپنی مضبوطی، لچک اور پائیداری کی بنا پر یہ کپڑا بلٹ پروف جیکٹوں سے لے کر ہڈیاں جوڑنے والی پٹیوں تک میں استعمال کیا جاسکے گا۔ بظاہر آسان نظر آنیوالی اس کامیابی تک پہنچنے میں جاپانی سائنسدانوں کو کئی سال لگے ہیں اور اس دوران وہ گلاس فائبر اور ہائیڈروجل کو موثر طور پر آپس میں ملانے کی کوششوں میں ناکام ہوئے تھے۔
ہائیڈروجل بہت ہلکا پھلکا اور لچکدار ضرور ہوتا ہے لیکن اتنا کمزور بھی ہوتا ہے کہ دباؤ پڑنے پر ٹوٹ جاتا ہے ۔ اسکے مقابلے میں گلاس فائبر اپنی مضبوطی اور پائیداری کی وجہ سے مشہور ہے جسے ہمارے ہاں عام طور پر پانی کی ہلکی لیکن مضبوط ٹنکیاں بنانے میں بکثرت استعمال کیا جاتا ہے۔
مگر وہ بالکل بے لچک ہوتا ہے جسے کھینچا یا موڑا نہیں جاسکتا۔ماہرین نے طویل کوششوں کے بعد بالآخر ان دونوں مادّوں کو یکجا کرنے میں کامیابی حاصل کر ہی لی۔