کراچی : چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا کی ہدایت بلدیہ کورنگی محکمہ ایڈورٹائزمنٹ نے شاہراہوں پر آویزاں اشتہاری سائن بورڈ ،بینرز کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا۔ دوران آپریشن ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،ملیر ماڈل کالونی ،کورنگی اور لانڈھی زونز کی مختلف شاہراہوں پر آویزاں سینکڑوں بینرز اور لگے سائن بورڈز اُتار لئے گئے۔
چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے ایم پی اے سید وقار شاہ اور ڈائریکٹر ایڈرٹائز منٹ شہاب جلیس کے ہمراہ محکمہ ایڈورٹائزمنٹ کی جانب سے غیر قانونی اشتہاری سائن بورڈز اور بینرز کے خلاف جاری آپریشن کے معائنے کے لئے شاہ فیصل ،ملیر ماڈل کالونی ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے معائنہ کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کورنگی کی تعمیر و ترقی اور مسائل کے خاتمے کے ساتھ قانونی کی عمل داری کو یقینی بنا یا جائیگا۔
اس موقع پر محکمہ ایڈورٹائز منٹ سمیت تمام محکموں کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر غیر قانونی اقدامات مثلاً تجاوزات ،وال چاکنگ ،کچرا جلانے جیسے اقدامات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے ساتھ ضلع کورنگی کی خوبصورتی میں اضافے کو یقینی بنا یا جاسکے۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ سائن بورڈ ز کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم کی مکمل عملدرآمد کو یقینی بنا یا جائے کسی بھی علاقے میں سائن بورڈز ،اور بغیر اجازت بینرز آویزاں نہ کرنے دیا جائے۔
دورے کے موقع پر چیئر مین سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کی جانب سے علاقائی سطح پر جاری بلدیاتی انتظامات کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی کہ عوامی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے جاری بلدیاتی انتظامات کو مزید تیز کیا جائے۔
علاقائی سطح پر مستقل بنیادوں پر صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری سمیت بلدیاتی انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔