ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر عامر خان آج اپنی 51 ویں سالگرہ منا رہے ہیں ۔ جاندار انداز اور کمال اداکاری کی وجہ سے بالی ووڈ اداکار عامر خان مسٹر پرفیکٹ کہلائے۔ قیامت سے قیامت تک پہلی کامیاب فلم اور پھر دو سو سے زائد شاندار موویز میں کام کیا۔
عامر خان زبردست اداکار ہیں، دل، جو جیتا وہی سکندر، انداز اپنا اپنا، راجہ ہندوستانی، سرفروش، منگل پانڈے، عامر خان کی ہر فلم کامیاب رہی۔ تارے زمین پر میں استاد، تھری ایڈیٹس میں طالبعلم اور پی کے میں خلائی مخلوق عامر ہر کردار میں ڈھلنے کا ڈھنگ بخوبی جانتے ہیں۔
ان کی متعدد فلمیں سو کروڑ کلب کا ممبر بنیں ۔ ہدایتکارہ کرن راؤ ان کی اہلیہ ہیں، حال ہی میں دنگل فلم میں زبردست پرفارم کرنے والے عامر خان اب ٹھگ آف ہندوستان میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے ۔ چار نیشنل ، آٹھ فلم فئیر، پدماشری اور پدما بھوشن سمیت متعدد ایوارڈ عامر خان کی گیلری کی زینت ہیں۔
عامر خان کے والد ناصر حسین بالی ووڈ کے مشہور ہدایت کار ہیں جن کی فلم یادوں کی بارات میں عامر خان نے محض 8 برس کی عمر میں پہلی بار کیمرے کا سامنا کیا۔